برقی ترمیمی بل کی سخت مخالفت ، ٹی آر ایس رکن اسمبلی جیون ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی جیون ریڈی نے برقی سے کھلواڑ کرنے پر اقتدار سے محروم ہوجانے کا بی جے پی کے زیر قیادت مرکزی حکومت کو انتباہ دیا ۔ تلنگانہ لیجسلیچر پارٹی آفس میں آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جیون ریڈی نے مرکزی حکومت کی جانب سے متعارف کی جانے والی برقی ترمیمی بل کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اس بل کو غریب عوام اور کسانوں کے مفادات کے خلاف قرار دیا اور مرکزی حکومت سے فوری اس بل سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا ۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی نے کہا کہ کسانوں کو نقصان پہونچنے پر بھی وزیراعظم نریندر مودی کسانوں کو سبسیڈی دینے کے لیے تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کررہی ہے ۔ ریاستوں کے حقوق کو مودی حکومت سلب کررہی ہے ۔ ہندوستان زراعت پر انحصار کرنے والا ملک ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ برقی بل کے معاملے میں بی جے پی قائدین کو معلومات کا فقدان ہے ۔ عوامی اور کسانوں کی رائے کو سامنے رکھتے ہوئے بات کرنے کے بجائے مرکزی حکومت کے فیصلوں کی اندھی تائید کرتے ہوئے کسانوں اور غریب عوام کے مفادات کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے نظام آباد کی نمائندگی کرنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی ارویند پر ہلدی بورڈ قائم کرنے کے معاملے میں کسانوں کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیاہے ۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی جیون ریڈی نے تلنگانہ کے بی جے پی قائدین پر زور دیا کہ وہ صرف بلند بانگ دعوے کرنے کے بجائے مرکز سے ریاست کو حاصل ہونے والے فنڈس کی اجرائی کے لیے مرکز پر دباؤ بنانے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ برقی کے معاملے میں غیر ضروری مداخلت کرنے والے دوبارہ کبھی کامیاب نہ ہونے کا دعویٰ کیا ۔ ریاست کو فنڈس کی اجرائی کے معاملے میں ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ انہوں نے برقی ترمیمی بل پر کانگریس کے قائدین کو اپنا موقف ظاہر کرنے پر زور دیا ۔ برقی کے مسئلہ پر مرکز کو کسانوں کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑنے کی دھمکی دی اور مائیگرنٹ ورکرس کی مرکز کو بد دعا لگنے کا دعویٰ کیا ۔۔