برقی شرحوں اور آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ کے خلاف حکومت کو انتباہ

   

کسانوں کے حقوق کیلئے قانونی جدوجہد، سابق وزیر محمد علی شبیر کا اعلان
حیدرآباد۔/31 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے برقی شرحوں اور آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ کے خلاف تلنگانہ حکومت کو انتباہ دیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر حکومت یہ فیصلہ کرتی ہے تو کانگریس پارٹی ایجی ٹیشن کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے دھان کے کسانوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے قانونی جدوجہد کا اعلان کیا۔ محمد علی شبیر نے بی بی نگر منڈل میں کانگریس پارٹی کے توسیعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سماج کے ہر طبقہ کیلئے معاشی مسائل پیدا کررہے ہیں تاکہ ریاست میں اپنی گرفت مضبوط کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر بارش کے نتیجہ میں لاکھوں کسان دھان کی بہتر قیمت کی امید کررہے تھے۔ چیف منسٹر کے سی آر کو کسانوں کے چہرے پر خوشی دیکھنا منظور نہیں ہے لہذا انہوں نے کسانوں کو دھان کی پیداوار سے روکنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلہ سے لاکھوں کسان متاثرہوں گے اور وہ متبادل فصلوں کے انتخاب سے محروم رہیں گے۔ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا نے دھان کی خریدی سے انکار کیا ہے لہذا حکومت کو اپنے طور پر دھان کی خریدی کرنی چاہیئے۔ حکومت نے آبپاشی پراجکٹس کے نام پر 4 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کیا ہے اور زیادہ تر رقم کنٹراکٹرس کو ادائیگی پر خرچ کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر کسانوں کی بھلائی پر خرچ کرنے کیلئے تیار نہیں۔ اگر کسانوں سے ناانصافی کی گئی تو کانگریس پارٹی قانونی لڑائی لڑے گی۔ انہوں نے مرکز اور ریاستی حکومتوںکو مہنگائی کیلئے ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام آدمی اور متوسط خاندانوں کیلئے بوجھ بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد ضمنی چناؤ کی تکمیل کے بعد کے سی آر حکومت برقی شرحوں اور آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ کی تیاری کررہی ہے۔ر