برقی شرحوں میں اضافہ پر فبروری سے عوامی سماعت الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن نے شیڈول جاری کیا

   

حیدرآباد۔31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں برقی شرحوں میں اضافہ کے مسئلہ پر الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن فروری میں عوامی سماعت کرے گا۔ تلنگانہ کی دو پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے مالیاتی سال 2023-24 ء میں برقی شرحوں کے بارے میں جو رپورٹ پیش کی ہے، اس کی بنیاد پر کمیشن عوامی سماعت کے ذریعہ سماج کے مختلف شعبوں کی رائے حاصل کرے گا ۔ برقی کی نئی شرحوں پر یکم اپریل سے عمل آوری کا امکان ہے اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے گھریلو صارفین کیلئے فی یونٹ 50 پیسے اور تجارتی اغراض کے لئے فی یونٹ ایک روپیہ اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سرسلہ میں 18 فروری کو پہلی عوامی سماعت ہوگی۔ نارتھرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی نے ہنمکنڈہ میں 21 فروری کو عوامی سماعت مقرر کی ہے جبکہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کی جانب سے 23 فروری کو ونپرتی اور 25 فروری کو حیدرآباد میں عوامی سماعت کا اہتمام کیا جائے گا۔ عوامی سماعت میں صارفین سے برقی شرحوں میں اضافہ کے مسئلہ پر نہ صرف رائے حاصل کی جائے گی بلکہ تحریری تجاویز قبول کی جائے گی ۔ ریگولیٹری کمیشن کے دفتر پر 28 جنوری تک تحریری تجاویز پیش کی جاسکتی ہیں۔ ریگولیٹری کمیشن کے صدرنشین ٹی سری رنگا راؤ کے مطابق ابھی تک برقی شرحوں میں اضافہ کی مخالفت میں ایک بھی نمائندگی موصول نہیں ہوئی ہے۔ ر