برقی شرحوں میں اضافہ کی تجویز سے حکومت دستبردار ہوجائے ، کے ٹی آر

   

بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں معیاری برقی کی سربراہی ، کانگریس کے 10 ماہ دور حکومت میں مشکلات
حیدرآباد /25 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے حکومت پر برقی شرحوں میں اضافہ کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس پارٹی اس فیصلے کو ہرگز قبول نہیں کرے گی ۔ بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے اس کو روک دے گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں گھریلو صافین اور صنعتوں کو بلا وقفہ معیاری برقی فراہم کی ہے۔ 10 سال میں برقی کے مسئلہ پر عوام اور کسانوں کو کوئی مشکلات اور دشواریاں پیش نہیں آئی ہے ۔ کانگریس کے 10 ماہ کی دور حکومت میں برقی شعبہ بحران کا شکار ہوگیا ۔ زرعی شعبہ کو برقی دستیاب نہیں ہو رہی ہے ۔ غیر معلنہ برقی کٹوتی کرتے ہوئے عوام کو پریشان کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت برقی شرحوں میں اضافہ کرتے ہوئے غریب اور متوسط طبقہ پر اضافی مالی بوجھ عائد کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ الکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن نے اس پر عوامی رائے حاصل کی ہے ۔ کے ٹی آر نے اپنی رائے پیش کرتے ہوئے عوام پر اضافی مالی بوجھ عائد نہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ برقی شرحوں میں 5 گنا اضافہ کرنے کی تجویز کی بی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ اور اس تجویز سے فوری دستبرداری اختیار کرنے کی حکومت سے اپیل کرتی ہے ۔ بصورت دیگر بی آر ایس پارٹی نہ صرف احتجاجی مہم شروع کرے گی بلکہ اس میں شدت پیدا کرے گی ۔ تمام اقسام کی صنعتوں کیلئے ایک قسم کے برقی چارجس عائد کرنا مناسب نہیں ہے ۔ چھوٹے اقسام کے صنعتوں پر مالی بوجھ عائد ہوگا ۔ حکومت کے اس فیصلہ سے روزگار کے مواقع پر بھی اثر پڑسکتا ہے ۔ کانگریس پارٹی غریب عوام کو 200 یونٹ برقی مفت دینے کا وعدہ کیا ۔ اب اس کی پابجائی کیلئے متوسط طبقہ اور چھوٹی و بڑی صنعتوں پر مالی بوجھ عائد کیا جارہا ہے ۔ 2