غریب عوام پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ جائیداد ٹیکس میں بھی اضافہ ناگزیر ۔اسمبلی میں خطاب
حیدرآباد۔13مارچ(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج اسمبلی میں اعلان کیا کہ حکومت جلد ہی برقی شرحوں میں اضافہ کریگی تاہم یہ ایسا اضافہ ہوگا جس سے غریب طبقات پر کوئی منفی اثر نہیں پڑیگا ۔ انہوں نے کہا کہ برقی شرحوں میں اضافہ ہی واحد راستہ رہ گیا ہے کہ برقی پیداوار اور ڈسریبیوشن کی کمپنیوںکو بچایا جاسکے ۔ ریاست میں برقی شرحوں اور جائیداد ٹیکس میں اضافہ کا غریب عوام پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ چندر شیکھر راؤ نے آج اسمبلی میں اس بات کی توثیق کی حکومت جلد ہی برقی شرحوں میں اضافہ کرے گی اور حکومت کے پاس موجودہ برقی پیداوار کرنے والی کمپنیوں کو ابتر حالات سے نکالنے کا واحد راستہ یہی رہ گیا ہے۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حکومت سے جس انداز میں شرحوں میں اضافہ کیا جائے گا اس میں غریبوں کو بچانے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے اس فیصلہ کا ساتھ دیں ۔چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے عوام نے ان کی پارٹی کو اقتدار دیا تاکہ بہتر انداز میں ریاست میں حکمرانی چلائی جاسکے اور بہتر حکمرانی کیلئے برقی شرحوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت عوام کو اندھیرے میں رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کرنا نہیں چاہتی اسی لئے وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ حکومت کی جانب سے غریبوں کو متاثر کئے بغیر برقی شرحوں میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہو ںنے اس دوران جائیداد ٹیکس میں اضافہ کے متعلق فیصلہ سے بھی واقف کروایا اور کہا کہ جلد ہی حکومت کی جانب سے جائیداد ٹیکس میں اضافہ کا بھی اعلان کیا جائے گا ۔ جائیداد ٹیکس میں اضافہ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے دیہی و شہری علاقوں کی ترقی کیلئے لازمی ہے کہ ریاست میں جائیداد ٹیکس میں بھی اضافہ کیا جائے۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ برقی شرحوں میں اضافہ اور جائیداد ٹیکس میں اضافہ کا مقصد ریاست میں بہتر حکمرانی کے سلسلہ کو جاری رکھنا ہے حکومت کی جانب سے دیہی ترقیات کے متعلق متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان کو جاری رکھنے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی حکومت ریاست میں فلاح و بہبود کے علاوہ ترقیاتی اقدامات کے عہد کی پابند ہے اور ان اقدامات کو جاری رکھنے ضروریات کو مکمل کریگی ۔ برقی شرحوں میں اـضافہ کے ذریعہ حکومت ڈسکامس کو نقصان سے بچانے کے علاوہ جائیداد ٹیکسوں میں اضافہ کے ذریعہ شہری اور دیہی بلدیات و پنچایت کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کر رہی ہے ۔