برقی شرحوں میں کوئی اضافہ نہ کرنے ڈسٹریبیوشن کمپنی کا اعلان

   

9 ہزار کروڑ کے خسارہ کی تکمیل حکومت کرے گی، صارفین کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ
حیدرآباد۔ 8 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے برقی صارفین کو بڑی راحت دیتے ہوئے سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی نے اعلان کیا کہ 2026-27 کے دوران برقی شرحوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔ تلنگانہ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کی عوامی سماعت میں شرکت کرتے ہوئے سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی نے ڈسکامس کے لئے درکار بجٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ کمپنی کے صدر نشین اور مینیجنگ ڈائرکٹر جتیش وی پاٹل نے کہا کہ 2026-27 میں کمپنی کی مالی ضرورت 50242 کروڑ ہے جبکہ موجودہ برقی مصارف سے کمپنی کو 40659 کروڑ کی آمدنی کا امکان ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 9583 کروڑ کا خسارہ حکومت کی جانب سے برداشت کیا جائے گا۔ ڈسٹریبیوشن کمپنی کو 2026-27 میں برقی پیداوار کیلئے 38492 کروڑ ادا کرنے ہوں گے۔ سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی کے حدود میں صارفین کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ 95 ہزار 963 ہے اور 2024-25 کے مقابلے صارفین کی تعداد میں 1209563 کا اضافہ ہوا ہے۔ مینیجنگ ڈائرکٹر نے کہا کہ کمپنی کا برقی لوڈ ریکارڈ یونٹ میں بڑھ کر 35175 یونین یونٹ ہوچکا ہے۔ جاریہ مالیاتی سال ڈسمبر 2025 تک مجموعی برقی پیداوار 39556 ملین یونٹ درج کی گئی۔ جملہ برقی طلب کا 23 فیصد گھریلو صارفین کو سربراہ کیا جاتا ہے جبکہ صنعتی شعبہ کے لئے 31 فیصد اور زرعی شعبہ کے لئے 21 فیصد سربراہی ہے۔ تجارتی اغراض کے لئے 16 فیصد برقی سربراہ کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹریبیوشن اور ٹرانسمیشن کے نقصانات 8.30 فیصد سے گھٹ کر 8.04 فیصد ہوچکے ہیں۔ 2020-21 میں یہ نقصانات 9.6 فیصد تھے۔ کمپنی کی جانب سے 5.44 کروڑ کے’0‘ بل تیار کئے گئے اور حکومت 1930.66 کروڑ کی سبسیڈی فراہم کررہی ہے۔ کمپنی نے زرعی شعبہ کے علاوہ غریب خاندانوں کو 200 مفت برقی سربراہی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ 1