برقی سے متعلق شکایات کی فوری یکسوئی : مشرف فاروقی
حیدرآباد۔ 22 فروری (سیاست نیوز) برقی صارفین کے لئے خدمات کو مزید بہتر بنانے سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی نے عصری ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی آئی اے ایس نے بتایا کہ صارفین کو برقی سے متعلق تمام خدمات موبائیل فونس کے ذریعہ فراہم کرنے کے لئے واٹس ایپ چاٹ بوٹ خدمات متعارف کی ہیں۔ برقی صارفین اپنے واٹس ایپ پر فون نمبر 8712441912 کو سیو کرتے ہوئے اس نمبر پر ’’Hi‘‘ کا مسیج روانہ کریں جس کے بعد وہ برقی کی تمام خدمات آسانی سے حاصل کرسکتے ہیں۔ شکایات درج کرانے کے علاوہ بلنگ کی تفصیلات جاننے اور برقی سربراہی کی صورتحال کی معلومات اس نمبر کے ذریعہ حاصل کی جاسکتی ہیں۔ مشرف فاروقی نے بتایا کہ اس سہولت سے صارفین برقی سے متعلق تمام تفصیلات کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام پر حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے برقی صارفین سے اپیل کی ہے کہ اپنے موبائیل فونس میں اس نمبر کو محفوظ کرلیں تاکہ برقی خدمات کو بہ آسانی حاصل کیا جاسکے۔ مشرف فاروقی نے سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے کئی منفرد اقدامات کئے ہیں۔ حالیہ عرصہ میں انہوں نے برقی سے متعلق شکایات کی یکسوئی کے لئے عہدیداروں کو عوام کے درمیان پہنچنے کے لئے ایک منفرد پروگرام شروع کیا تھا۔ عہدیدار عوام کے درمیان پہنچ کر مسائل کی یکسوئی کررہے ہیں۔ مشرف فاروقی کا ماننا ہے کہ برقی صارفین کی کسی بھی شکایت کی فوری طور پر یکسوئی ہونی چاہئے۔ 1