مشرف فاروقی کی عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس، دیہی علاقوں میں 26 ہزار ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرس کی تنصیب
حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈ نے برقی طلب میں اضافہ کے باوجود جاریہ سال گھریلو، زرعی اور صنعتی صارفین کے لئے مؤثر برقی سربراہی کو یقینی بنایا ہے۔ صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی نے چیف انجینئرس اور سپرنٹنڈنگ انجینئرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ 20 ستمبر 2024ء کو خریف سیزن میں برقی طلب 9910 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی تھی جو جاریہ سال 8 ستمبر کو بڑھ کر 10450 میگاواٹ ہوچکی ہے۔ برقی کے استعمال میں 203.38 ملین یونٹ کا اضافہ ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست بھر میں برقی کی طلب میں اضافہ درج کیا گیا۔ گزشتہ سال ستمبر میں برقی طلب 15570 میگاواٹ تھی جو جاریہ سال 8 ستمبر کو بڑھ کر 15906 میگاواٹ ہوچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں گھریلو اور صنعتی شعبہ میں برقی کے استعمال اور طلب میں اضافہ کے باوجود زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہ کی گئی۔ اُنھوں نے رورل ڈسٹرکٹ پاور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چوکسی برقرار رکھیں اور بلاوقفہ برقی سربراہی کو جاری رکھیں۔ ریاست میں حالیہ بارش کے نتیجہ میں پانی کی دستیابی بہتر ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں خریف کی فصل بہتر ہونے کا امکان ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ سال کے مقابلہ برقی کے استعمال میں 50 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سدرن ڈسکام ریجن کے تحت کئی اضلاع میں برقی طلب میں دوگنا اضافہ درج کیا گیا۔ نلگنڈہ ضلع میں گزشتہ سال ستمبر میں 13.6 ملین یونٹ برقی استعمال کی گئی تھی جبکہ جاریہ سال اسی دن 33.82 ملین یونٹ برقی استعمال کی گئی اور ضلع میں 148 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ جاریہ سال 26 ہزار ایڈیشنل ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرس منظور کئے گئے۔ دیہی علاقوں میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرس کی تعداد 4.92 لاکھ ہے۔ مشرف فاروقی نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ خرابی کی صورت میں ٹرانسفارمرس کو فوری تبدیل کریں۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ وقتاً فوقتاً علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے برقی آلات کی موجودگی اور ٹرانسفارمر ریپیرنگ سنٹرس کی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ ویڈیو کانفرنس میں کمپنی کے ڈائرکٹرس ڈاکٹر نرسمہلو، شیواجی، کرشنا ریڈی کے علاوہ چیف انجینئرس اور سپرنٹنڈنگ انجینئرس موجود تھے۔1