برقی عہدیداروں کی صارفین سے راست ملاقات کیلئے پرجا باٹا پروگرام

   

ہفتہ میں تین دن عہدیدار صارفین کے درمیان ، مشرف فاروقی آئی اے ایس کا بیان
حیدرآباد ۔ 6 ۔نومبر (سیاست نیوز) سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمٹیڈ نے برقی صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی کے سلسلہ میں ایک منفرد پروگرام شروع کیا ہے۔ ’’کرنٹولہ پرجا باٹا‘‘ کے عنوان سے یہ پروگرام دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ متحدہ نلگنڈہ ، میدک ، محبوب نگر اور رنگا ریڈی میں عمل کیا جائے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے اس پروگرام کا افتتاح کیا۔ پرجا باٹا پروگرام کے تحت محکمہ برقی کے عہدیدار اور اسٹاف جن میں صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر سے لے کر نچلی سطح تک کے ملازمین ہر منگل ، جمعرات اور ہفتہ کو فیلڈ وزٹ کرتے ہوئے برقی سربراہی کے نیٹ ورک کا جائزہ لیں گے ۔ عہدیدار عوامی شکایات اور ان کے ردعمل کو جاننے کے لئے صارفین سے ملاقات کریں گے ۔ صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی آئی اے ایس نے کہا کہ اس پروگرام میں ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کے 9500 ملازمین حصہ لیں گے جن میں ڈائرکٹرس ، چیف انجنیئرس ، سپرنٹنڈنگ انجنیئرس ، ڈیویژنل انجنیئر، اسسٹنٹ ڈیویژنل انجنیئر ، اسسٹنٹ انجنیئر، لائین انسپکٹرس اور لائین مین شامل ہیں۔ عہدیدار اور ملازمین شخصی طور پر صارفین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی تجاویز حاصل کریں گے ۔ عوامی تجاویز اور شکایات کی بنیاد پر کمپنی اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے گی۔ پرجا باٹا پروگرام کے تحت عہدیدار برقی لائینوں ، ڈسٹری بیوشن ، ٹرانسفارمرس ، اے بی سویچس اور دیگر برقی آلات کا معائنہ کریں گے۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ اس پروگرام سے برقی سربراہی کے موقف میں بہتری آئے گی اور صارفین کی شکایات میں کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پرجا باٹا پروگرام سے برقی نیٹ ورک مستحکم ہوگا اور برقی خسارہ میں کمی آئے گی۔1