گروہ جیوتی کے 52 لاکھ اور زرعی شعبہ کے 30 لاکھ صارفین کو ڈپٹی چیف منسٹر کا مکتوب حوالے
حیدرآباد۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی ہدایت پر تلنگانہ پاور ڈسٹریبیوشن کمپنیوں نے برقی صارفین سے راست رابطے کو مستحکم کرنے کی منفرد مساعی شروع کی ہے۔ سال نو اور سنکرانتی فیسٹیول کی ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی جانب سے مبارکباد کے پیامات کے ساتھ عہدیدار، گروہ جیوتی اسکیم کے استفادہ کنندگان اور زرعی صارفین سے ملاقات کرتے ہوئے حوالے کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی جانب سے شخصی طور پر صارفین کو مبارکبادی کے مکتوب حوالے کئے جارہے ہیں جس میں صارف کا نام اور برقی کنکشن نمبر درج ہے۔ سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی اور ناردن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی کے عہدیدار دونوں اسکیمات کے استفادہ کنندگان سے گھر گھر پہنچ کر ملاقات کرتے ہوئے مکتوب حوالے کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں نے گروہ جیوتی اسکیم کے 5282498 استفادہ کنندگان اور زرعی برقی کنکشن کے 3003813 صارفین سے ملاقات کرتے ہوئے مکتوب حوالے کیا۔ اس منفرد مساعی کا مقصد صارفین اور محکمہ برقی کے درمیان بہتر روابط کو مستحکم کرنا ہے۔ محکمہ کی کارکردگی کو شفاف اور بہتر بنانے میں صارفین سے راست ملاقات مددگار ثابت ہوگی۔ صارفین نے ڈپٹی چیف منسٹر کی جانب سے شخصی طور پر پیامات مبارکبادی روانہ کئے جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ عہدیداروں کا ماننا ہے کہ برقی عہدیداروں کے عوام سے رابطے کے نتیجہ میں دونوں کے درمیان اعتماد بحالی میں مدد ملے گی۔ بھٹی وکرامارکا کی دستخط سے سال اور سنکرانتی تہوار کے دو علیحدہ پیامات تلگو میں حوالے کئے جارہے ہیں۔ 1
