برقی قلت سے نمٹنے شمسی توانائی کے حصول کا فیصلہ

   

اضلاع میں پلانٹس کیلئے اراضی کی نشاندہی، سنگارینی کالریز کے اقدامات
حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز)سنگارینی کالریز کمپنی انتظامیہ کالریز میں برقی قلت سے نمٹنے کیلئے درکار ضرورتوں کی تکمیل کیلئے شمسی توانائی کے حصول پر سنجیدگی سے غور کررہاہے اور اس سلسلہ میں یعنی شمسی توانائی کی پیداوار کیلئے بعض مقامات پر کاموں کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔ سنگارینی کالریز کمپنی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ 300 میگاواٹ شمسی توانائی کی پیداوار کو یقینی بنانے کے مقصد سے سنگارینی کالریز کمپنی پہل کررہی ہے اور 1361.5 کروڑ روپیوں کے مصارف سے شمسی توانائی کے پلانٹس کا قیام عمل میں لانے کا سنگارینی کالریز کمپنی نے فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ اس شمسی توانائی کی پیداوار سے متعلق سنگارینی کالریز کمپنی کی جن اضلاع میں سرگرمیاں جارہی ہیں ان اضلاع میں 1535 ایکر اراضی کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے مرحلہ کے تحت شمسی توانائی سے متعلق پلانٹس کی تعمیر بی ایچ ای ایل ( بھارت ہیوی الیکٹریکلس لمیٹیڈ ) کی جانب سے شروع کی جائے گی۔ جبکہ بی ایچ ای ایل شمسی توانائی کے پلانٹس قائم کرنے کے علاوہ ان پلانٹس کی دس سال تک نگہداشت بھی بھارت ہیوی الیکٹریکلس لمیٹیڈ کے ذمہ ہی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلہ کے تحت ’’ اڈانی گروپ ‘‘ کی جانب سے شمسی توانائی کے پلانٹس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ پہلے مرحلہ کے تحت قائم کئے جانے والے یا تعمیر کئے جانے والے پلانٹس کیلئے ضرورت پڑنے پر شمسی توانائی سے متعلق بعض اوزار و آلات چین سے بھی درآمد کئے جائیں گے۔ سنگارینی کالریز کمپنی ذرائع نے بتایا کہ ایس ٹی پی پی ، ( جے پور ) میں 50 ایکڑ اراضیات پر دس میگاواٹ، بیلم پلی میں 176 ایکڑ اراضیات پر 30 میگا واٹ، مندامری میں 321 ایکر اراضیات پر 60 میگا واٹ، بھوپال پلی میں 53 ایکراراضیات پر دس میگاواٹ، یلندوں میں 306 ایکر اراضیات پر 60 میگاواٹ، کتہ گوڑم میں 119 ایکراراضیات پر 25 میگاواٹ ، منگوورو میں 140 ایکڑ اراضیات پر 30 میگاواٹ، راما گنڈم۔1 میں 120 ایکر اراضیات پر 25 میگاواٹ ، راماگنڈم ۔2 میں 250 ایکر اراضیات پر 50 میگاواٹ شمسی توانائی پیدا کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔