برقی مسائل کوفوری حل کیاجائے گاجی آرایف کے چیئرمین ناگیشوررائوکا تیقن

   

میدک، 6؍ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)برقی صارفین کو درپیش مسائل کے حل کو ہی اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے سی جی آر ایف کے چیرپرسن ناگیشور راؤ نے کہا کہ برقی صارفین کی شکایات کو فوری اور مؤثر انداز میں حل کیا جائے گا۔ وہ میدک برقی محکمہ کے سپرنٹنڈنگ انجنیر SE دفتر میں منعقدہ برقی صارفین کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ صارفین کی جانب سے 105 شکایات موصول ہوئی ہیں جنہیں بغور جانچ کر جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران کئی صارفین نے اپنی شکایات اور عرضیاں ان کے حوالے کیں جن پر فوری کارروائی کے لیے انہوں نے محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایات دیں۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ برقی میٹروں کی ریڈنگ بروقت لی جانی چاہیے اور اگر مقامی عہدیدار مسائل کے حل میں ناکام رہیں تو متعلقہ دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ تحریری طور پر فورم سے رجوع ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سروس میں تاخیر پر صارفین کو معاوضہ دیا جائے گا اور فورم میں شکایت درج کروانے کے لیے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔ اس اجلاس میں فورم کے رکن وینکٹ، ضلع عہدیدار شنکر، ڈی ای ٹی سرینواس، ڈویڑنل انجنیئر باشاہ، توپران ڈویڑنل انجنیئر گرتھمنتھ راج، میدک اور توپران اے ڈی ایز، اکاؤنٹس آفیسر، اے ایز اور دیگر موجود تھے۔