برقی مسائل کی یکسوئی کیلئے عہدیداروں کا پرجا باٹا منفرد پروگرام

   

ایک سال میں 1800 مسائل کی یکسوئی، مشرف فاروقی نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا
حیدرآباد ۔ 30۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمٹیڈ کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی آئی اے ایس نے برقی سے متعلق عوام کو بنیادی مسائل کی یکسوئی کے لئے عہدیداروں کے پرجا باٹا پروگرام کا آغاز کیا جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ سال2025 میں مشرف فاروقی نے اس پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت عہدیدار مختلف علاقوں ، کالونیوں اور دیہاتوں کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کی سماعت کر رہے ہیں۔ ہفتہ میں تین دن منگل ، چہارشنبہ اور ہفتہ کو صبح 8 بجے اس پروگرام کا آغاز ہوتا ہے جس کے تحت مختلف سطح کے عہدیدار برقی مسائل کے بارے میں عوام سے راست طور پر معلومات حاصل کرتے ہیں ۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے عہدیداروں نے برقی سے متعلق مسائل کی سماعت کرتے ہوئے ان کی فوری یکسوئی کو یقینی بنایا ۔ پرجا باٹا پروگرام کے تحت 1800 برقی مسائل کی یکسوئی کی گئی جن میں برقی کھمبوں کے مسائل بھی شامل ہیں۔ تنگ گلیوں اور آبادیوں میں عوام کے لئے پرخطر 800 کیلو میٹر کی برقی لائنوں کو درست کیا گیا۔ مشرف فاروقی نے بتایا کہ اس پروگرام میں کمپنی کے ڈائرکٹر اور دیگر عہدیداروں نے اپنے اپنے سرکل کے حدود میں دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی ۔ مشرف فاروقی نے جاریہ سال ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرس کی تنصیب کے سلسلہ میں بھی اہم فیصلہ کیا ہے۔ عام طور پر ٹرانسفارمر کے لئے 30 تا 35 مربع فٹ اراضی کی ضرورت پڑتی لیکن نئی پالیسی کے تحت برقی کھمبوں پر عوام کو کسی تکلیف کے بغیر ٹرانسفارمر کی تنصیب کے اقدامات کئے گئے ۔ اس کیلئے علحدہ اراضی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ریاست میں 304 مقامات پر 150 ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرس نئے سسٹم کے تحت نصب کئے گئے ۔ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی آنے والے دنوں میں مزید 6500 ٹرانسفارمرس نئے سسٹم کے تحت نصب کرے گی۔ جاریہ سال 7531 نئے ٹرانسفارمرس اور 291 پاور ٹرانسفارمرس کی تنصیب عمل میں آئی۔ جاریہ مالیاتی سال کے اختتام تک تقریباً 97 نئے سب اسٹیشن کارکرد ہوجائیں گے ۔ مشرف فاروقی نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے پرجا باٹا پروگرام کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔1