حیدرآباد ۔ 6 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ٹرانسکو، جینکو کے سی ایم ڈی پربھاکر راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد 9 سال کے دوران برقی کی پیداوار، تقسیم اور سربراہی نظام کو مستحکم بنانے کیلئے 97,321 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ ایک دہائی یوم تاسیس جشن کے موقع پر ودیوت سودھا، منٹ کمپاونڈ کے ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے ہیڈ آفس میں منعقدہ یوم ’’برقی کامیابی‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں فی کس برقی کھپت سال 2022-23ء میں 2140 یونٹس ہے جوکہ قومی اوسط سے 70 فیصد زیادہ ہے۔ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے سی ایم ڈی جی رگھوما ریڈی نے کہا کہ برقی کے سربراہی نظام کو مستحکم بنانے کیلئے 9 سال کے دوران 14,063 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے برقی ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ صارفین کے مسائل کو فوری حل کرتے ہوئے کمپنی کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی ڈی ناگیندر، ڈائرکٹرس کے علاوہ ملازمین نے پروگرام میں شرکت کی۔ن