برقی ٹرانسفارمرس کی خرابی پر اندرون 48 گھنٹے بحال کرنے کے اقدامات

   

Ferty9 Clinic

بارش سے 2770 کھمبوں اور 34 ٹرانسفارمرس کو نقصان ، ایس پی ڈی سی ایل
حیدرآباد۔28جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹڈ کے حدوو میں گذشتہ بارشوں کے دوران برقی انفراسٹرکچر کو ہوئے نقصانات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے حدود میں موجود برقی انفراسٹرکچر کو بارشوں کے سبب جو نقصان ہوا ہے اس کی مرمت کے اقدامات کرتے ہوئے اندرون 48گھنٹے برقی بحال کرنے کے اقدامات کرلئے گئے ہیں۔ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل جو ریاست کے جنوبی اضلاع میں برقی سربراہی کا ذمہ دار ادارہ ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق بارش کی وجہ سے جملہ 2770 برقی کھمبوں کے علاوہ 34 ٹرانسفارمرس کو نقصان پہنچا تھا جن میں شہر حیدرآباد کے حدود میں 605برقی کھمبوں اور 7ٹرانسفارمرس کو نقصان پہنچاتھا۔ گذشتہ دو یوم کے دوران ہوئی بارش کے سبب جن برقی کھمبوں اور ٹرانسفارمرس کو نقصان پہنچا ہے ان کی مرمت کے کاموں کا فوری آغاز کرتے ہوئے انہیں ٹھیک کرلیا گیا ہے اور جن مقامات پر برقی کھمبے گرنے کے سبب برقی تاروں کو نقصان ہوا ہے ان مقامات پر نئے برقی تاروں کی تنصیب کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے عہدیداروں نے بتایا کہ برقی سربراہی بحال کرنے کے لئے متبادل اقدامات کے ساتھ فوری طور پر کی گئی کاروائی کے سبب کسی بھی مقام پر 2گھنٹے سے زیادہ برقی سربراہی منقطع رہنے کی شکایات موصول نہیں ہوئی۔ انفراسٹرکچر کو ہوئے نقصان کو درست کرنے کے معاملہ میں ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی حکومت کی جانب سے ستائش کی گئی جبکہ شہریوں نے بھی بارش کے باوجود بہتر برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں اقدامات پر محکمہ کے ذمہ داروں کی ستائش کی۔