برقی پیداوار روکنے تلنگانہ کو کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔16 ۔جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش کی جانب سے تلنگانہ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کے بعد کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ نے تلنگانہ حکومت کو آبپاشی پراجکٹس میں برقی کی پیداوار روکنے کی ہدایت دی ہے۔ کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ نے ڈائرکٹر تلنگانہ جینکو کو مکتوب روانہ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ سری سیلم ، ناگرجنا ساگر اور پولی چنتلا پراجکٹس میں برقی کی آئیڈل جنریشن کے لئے پانی کا استعمال ترک کریں۔ بورڈ کے رکن انچارج برقی امور نے مکتوب میں کہا کہ سابق میں بھی تلنگانہ حکومت سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ سری سیلم پراجکٹس سے پانی کی اجرائی روک دے۔ بورڈ نے کہا کہ سری سیلم ، ناگر جنا ساگر اور پولی چنتلا سے برقی کی پیداوار کے لئے پانی کا استعمال روک دیا جائے ۔ بورڈ نے سابق میں کئے گئے معاہدہ پر عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کی جانب سے ایک دوسرے کے پراجکٹس کے خلاف مرکز سے نمائندگی کی گئی ۔ جگن موہن ریڈی نے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت اور وزیراعظم نریندر مودی کو دو علحدہ مکتوب روانہ کئے تھے۔ مرکز اور ریور بورڈ کی مداخلت کے باوجود تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس میں برقی پیداوار کا سلسلہ جاری تھا۔