برقی کمپنیوں کو صحیح سمت میں چلانے پروفیشنل طریقہ پر عمل

   

صدرتلنگانہ بی جے پی کے لکشمن کے بیان پر چیرمین و ایم ڈی تلنگانہ جینکو پربھاکر راؤ کا ردعمل
حیدرآباد ۔28 اگست ( سیاست نیوز) صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ جینکو مسٹر پربھاکر راؤ نے صدر ریاستی بی جے پی تلنگانہ کی ان کے تعلق سے کی گئی تنقیدوں کا سخت نوٹ لیتے ہوئے اپنے شدید اعتراض کا اظہار کیا اور کہا کہ ان پر ( پربھاکر راؤ پر ) ڈاکٹر لکشمن جیسے بی جے پی قائدین کو تنقید کرنا زیب نہیںدیتا ، کیونکہ وہ ایک برقی کمپنی کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر کے عہدہ پر فائز ہیں لیکن کسی سیاسی پارٹی سے ہرگز وابستہ نہیں ہیں ۔ اس کے باوجود صدر ریاستی بی جے پی ڈاکٹر لکشمن کی جانب سے انہیں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا کھنڈوا اوڑھ لینے کا مشورہ دینا انتہائی تکلیف دہ بات ہے ۔ مسٹر بھاسکر راؤ نے پُرزور الفاظ میں کہا کہ وہ اپنی ملازمت کے دوران ریاست میں ابتک کی تمام ریاستی سیاسی جماعتوں کی زیر قیادت حکومتوں میں اپنی خدمات انجام دی ہیں اور کبھی بھی کسی بھی پارٹی کی زیرقیادت حکومت کا کھنڈوا نہیں اوڑھا ۔ مسٹر بھاسکر راؤ نے اخباری سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پروفیشنل طریقہ کار کے ذریعہ برقی کمپنیوں کو صحیح سمت پر چلانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ چار سال سے ہائیڈرل برقی کا موقف بہتر نہ ہونے کی وجہ سے شارٹ ٹرم برقی خریدی بالکلیہ طور پر ناگزیر ہوگئی تھی اور بالخصوص کسانوں اور عوام کو معیاری برقی کی سربراہی عمل میں لانا بہت ضروری تھا ۔ اگر معیاری برقی ریاست میں سربراہ نہ کی جاتی تو ریاستی حکومت کو ہی مسائل سے دوچار ہونا پڑتا تھا جس کا راست اثر ریاست کے عوام اور کاشتکاروں پر بھی مرتب ہوسکتا تھا ۔ مسٹر پربھاکر راو نے پُرزور الفاظ میں کہا کہ صرف مختصر مدت میں ہی برقی کی خریدی کر کے اس خریدی ہوئی برقی کے ذریعہ زرعی مقاصد اور گھریلو صارفین کیلئے بلاوقفہ برقی سربراہ کی گئی جس کی وجہ سے ریاست میں کاشت و فصلوں کی مقدار میں زبردست اضافہ ہوا ۔ صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ جینکو مسٹر پربھاکر راؤ نے محض سستی شہرت کے حصول کیلئے ایک فعال و کارکرد اور دیانتدار عہدیدار کو تنقید کا نشانہ بنانا کوئی مناسب بات نہیں ہے کیونکہ اس کا اثر مکمل طور پر جینکو پر مرتب ہوگا ۔ لہذا جینکو کی کارکردگی کی زبردست ستائش کرنے کے بجائے غیر ضروری طور پر جینکو کو نشان ملامت بنانا صدر تلنگانہ بی جے پی ڈاکٹر لکشمن کیلئے مناسب بات نہیں ہوگی ۔