برقی کٹوتی اور بحران کے لیے چیف منسٹر ذمہ دار : ہریش راؤ

   

اپنی ناکامیوں کے لیے اپوزیشن اور برقی ملازمین کو ذمہ دار قرار دینا نامناسب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سینئیر رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے برقی بحران کے لیے حکومت کی ناکامی کو ذمہ دار قرار دیا ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی جانب سے برقی عہدیداروں اور ملازمین پر برہمی کا اظہار کرنے کی سخت مذمت کی ۔ ٹی ہریش راؤ نے آج سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برقی کٹوتی حکومت کی ناکامی ہے ۔ چیف منسٹر اپنی حکومت کی ناکامی کو تسلیم کرنے کے بجائے برقی ملازمین اور اپوزیشن جماعتوں کو ذمہ دار قرار دینے کی سخت مذمت کی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کو نظم و نسق کا کوئی تجربہ نہیں ہے ۔ لیکن چیف منسٹر بلراست برقی کٹوتی کے لیے مجھے ( ہریش راؤ ) کو ذمہ دار قرار دینے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔ جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ چیف منسٹر کا موقف ’ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے ‘ کے مترادف ہے ۔ بی آر ایس کے دور حکومت 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے لیے برقی ملازمین کے تعاون سے مضبوط سسٹم تیار کیا گیا تھا ۔ پورے ملک میں بلاوقفہ برقی سربراہ کرنے والی تلنگانہ واحد ریاست تھی ۔ صرف 5 ماہ میں کانگریس حکومت نے اُس سسٹم کو ناکارہ بنادیا ہے ۔ گھریلو ، کمرشیل اور زرعی شعبہ کو طلب کے مطابق برقی سربراہ کرنے میں کانگریس حکومت ناکام ہوگئی ہے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں اور برقی ملازمین کو ذمہ دار قرار دے رہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کی تعمیر نو میں برقی ملازمین نے کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ ایسے ملازمین کے خلاف بیجا ریمارکس کرتے ہوئے چیف منسٹر برقی ملازمین کے حوصلے پست کررہے ہیں ۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی نے چیف منسٹر کو چلر سیاست چھوڑ کر نظم و نسق بالخصوص برقی شعبہ پر خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اپنی طرح دوسرے سے بھی سازش کرنے کی امید کررہے ہیں ۔۔ 2