برقی کھمبوں سے غیر لائسنس یافتہ انٹرنیٹ اور کیبل وائرس نکالنے تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 25 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس ناگیش بھیما پاکا نے برقی کھمبوں پر لائسنس کے حصول کے بغیر انٹرنیٹ اور کیبل وائرس کو نکالنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ برقی کھمبوں پر موجود انٹرنیٹ اور کیبل وائرس کو نکالنے کے مسئلہ پر آج ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی ۔ گزشتہ دنوں رامنتا پور میں کرشنا اشٹمی کے موقع پر برقی شاک لگنے سے 5 افراد کی موت واقع ہوئی تھی، پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں برقی شاک کیلئے برقی کھمبے پر موجود کیبل وائرس کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا ۔ ایرٹیل کمپنی نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے برقی کھمبوں سے انٹرنیٹ اور کیبل وائرس نکالنے کے فیصلہ کو چیلنج کیا۔ محکمہ برقی کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ صرف ایسے وائرس کو نکالا جارہا ہے جنہوں نے اجازت حاصل نہیں کی ہے ۔ محکمہ برقی کے وکیل نے ایرٹیل اور دیگر اداروں کو اجازت نامہ کی تفصیلات پیش کرنے کی خواہش کی۔ عدالت نے فریقین کی سماعت کے بعد غیر لائسنس یافتہ وائروں کو نکالنے کے احکامات کو برقرار رکھا ہے ۔ جسٹس بھیماپاکا نے پہلی سماعت کے موقع پر ہی اس سلسلہ میں ہدایت جاری کی تھی۔ خانگی کمپنی کے وکیل نے عدالت سے شکایت کی کہ اجازت کے حصول کے باوجود وائروں کو کٹ کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے رامنتا پور واقعہ کے بعد اجلاس طلب کرتے ہوئے عہدیداروں کو برقی کھمبوں سے کیبل وائرس نکالنے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت کے اس فیصلہ کے بعد ایرٹیل اور بعض دیگر ادارے ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔1