حیدرآباد میں انڈر گراؤنڈ الیکٹرسٹی کیبل کے کام میں تیزی کا فیصلہ، برقی حادثات کو روکنے عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد 19 اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر برقی بھٹی وکرامارکا نے حیدرآباد میں گزشتہ 2 دن کے دوران برقی شاک لگنے سے ہلاکتوں کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور برقی حکام کو ہدایت دی کہ برقی کھمبوں پر موجود کیبل وائرس اور غیر مجاز برقی کنکشنوں کو ختم کرنے کے لئے جنگی خطوط پر اقدامات کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ کیبل وائرس کی علیحدگی کے ذریعہ برقی شاک کے واقعات کا تدارک کیا جاسکتا ہے۔ وزیر برقی نے غیر مجاز برقی کنکشن کی صورت میں سخت کارروائی کی ہدایت دی اور کہاکہ حیدرآباد میں زیر زمین الیکٹرسٹی کیبل بچھانے کا کام تیز کیا جائے۔ بھٹی وکرامارکا نے محکمہ برقی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں حالیہ واقعات کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی کھمبوں پر غیر مجاز طریقہ سے کیبل وائرس کو لگایا گیا ہے جو عوام کے لئے خطرہ ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نہ صرف حیدرآباد بلکہ ریاست کے تمام اضلاع میں برقی کھمبوں سے کیبل وائرس کی صفائی کا کام انجام دیا جائے۔ کیبل آپریٹرس کو گزشتہ چند برسوں میں کئی نوٹس جاری کئے گئے باوجود اس کے کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ کیبل وائرس عوامی زندگی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کیبل آپریٹرس کے رویہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیاکہ اِس معاملہ میں مزید کوئی مہلت یا رعایت نہیں دی جائے گی۔ اُنھوں نے عہدیداروں اور اسٹاف کو ہدایت دی کہ برقی کھمبوں سے کیبل وائروں کو نکالنے کا کام فوری طور پر شروع کریں۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ غیر مجاز برقی کنکشن حاصل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اُنھیں فوری طور پر نکال دیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ محکمہ برقی کی اجازت کے بغیر کسی بھی کنکشن کی گنجائش نہیں ہونی چاہئے اور کنکشن کی فراہمی کے لئے محکمہ کے ملازمین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے حیدرآباد میں انڈر گراؤنڈ الیکٹرسٹی کیبل کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں انڈر گراؤنڈ الیکٹرسٹی کیبل نیٹ ورک کے مسئلہ پر کنسلٹنٹ کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا نے آبپاشی پراجکٹس کو برقی سربراہی کی تفصیلات حاصل کیں۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری انرجی نوین متل، ٹرانسکو کے منیجنگ ڈائرکٹر کرشنا بھاسکر، جینکو کے منیجنگ ڈائرکٹر ہریش، سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی اور ناردن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر ورون ریڈی نے شرکت کی۔1