برقی کی مکمل بحالی تک چین سے نہ بیٹھیں، چیف منسٹر کی ہدایت

,

   

حیدرآباد: چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ریاست کی برقی کمپنیوں کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ریاست میں برقی کی مکمل بحالی تک چین سے نہ بیٹھیں ۔ چیف منسٹر نے ریاست بھر میں شدید بارش اور موسمی خراب حالات میں بھی برقی کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کی ستائش کی ۔ ٹی ایس جینکو اور ٹی ایس ٹرانسکو کے عہدیداروں کے ساتھ پرگتی بھون میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست بھر میں شدید بارش اور سیلاب جیسی صورتحال کے پیش نظر برقی محکمہ پوری طرح چوکس ہے ۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر برقی بحالی کیلئے کئے جارہے اقدامات سے متعلق تفصیلات حاصل کیں ۔ انہوں نے شدید بارش کے باعث محکمہ کو نقصانات کی تفصیلات بھی حاصل کیں اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں اور ضروری اقدامات کریں ۔ نشیبی علاقوں کی عوام کو برقی سے متعلق چوکس رہنے کی بھی ہدایت دینے پر زور دیا ۔ جینکو اور ٹرانسکو کے چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر ڈی پربھاکر راؤ نے برقی کی بحالی کیلئے کئے جارہے اقدامات کی تفصیلات سے چیف منسٹر کو واقف کروایا ۔ انہوں نے بتایا کہ شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے کئی مقامات پر ٹرانسفارمرس بہہ گئے ۔ بارش کی وجہ سے برقی کھمبوں اور تاروں کو بھی شدید نقصان پہونچا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بعض مقامات پر احتیاطی اقدام کے طور پر برقی بند کی گئی ۔جلدی برقی کو بحال کیا جائے گا ۔