سال میں دو مرتبہ سورج پوری آب و تاب پر، کسی شئے کا سایہ نہیں پڑتا
حیدرآباد۔ /3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی ایم برلا سائینس سنٹر حیدرآباد میں مدعوئین اور طلبہ نے آج دوپہر 12:31 بجے زیرو شیڈو ڈے ( سایہ کے بغیر دن ) کا مشاہدہ کیا۔ یہ دن اس وقت منایا جاتا ہے جب سورج سے دوپہر میں کسی بھی شئے کا سایہ نہیں پڑتا۔ سورج جب اپنی پوری آب و تاب پر ہوتا ہے تو اس وقت سال میں دو مرتبہ زمین پر کسی بھی شئے کا سایہ نہیں پڑتا۔ یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب سورج استوائی اور عرض البلد کے درمیان +23.5 اور -23.5 ڈگری پر ہوتا ہے۔ سال میں دو مرتبہ سورج ایک مقررہ وقت پر اپنے انتہائی عروج کے مقام پر ہوتا ہے۔ حیدرآباد میں 9 مئی کو زیرو شیڈو ڈے کا مشاہدہ کیا گیا تھا اور یہ دوسرا موقع ہے جب آج یعنی 3 اگسٹ کو دوبارہ یہ دلچسپ نظارہ دیکھنے کو ملا۔ ڈائرکٹر بی ایم برلا سائینس سنٹر ڈاکٹر کے جی کمار کے مطابق سورج جنوب کی سمت سے دو مواقع پر مکمل طور پر اپنی آخری حد اور بلندی پر ہوتا ہے جس کے نتیجہ میں دوپہر کے مقررہ وقت پر زمین پر کوئی سایہ دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ زمین کے تعین کے اعتبار سے ہر سال زیرو شیڈو ڈے مختلف ایام میں وقوع پذیر ہوتا ہے۔ اس موقع پر سنٹر میں عوام اور طلبہ کیلئے اس کے مشاہدہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔