برما کے 17 افراد نلگنڈہ پولیس تحویل میں، معائنے کیلئے حیدرآباد منتقلی

   

حیدرآباد۔2 اپریل (سیاست نیوز) نلگنڈہ میں پولیس نے برما سے تعلق رکھنے والے 17 افراد کی نشاندہی کی ہے جو تبلیغ کے سلسلہ میں نلنگڈہ آئے تھے۔ ان تمام کو میڈیکل ٹسٹ کیلئے حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ حکام رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں۔ نلگنڈہ میں بیرون ملک و دیگر ریاستوں سے آنے والے افراد کے معائنے کئے جارہے ہیں۔ ضلع نظم و نسق نے کورونا وائرس سے نمٹنے سخت احتیاطی قدم اٹھائے ہیں۔ لاک ڈائون پر سختی سے عمل آوری کے علاوہ وائرس سے متعلق عوام میں شعور بیدار کیا جارہا ہے۔ ضلع میں وائرس کے مثبت کیسس منظر عام پر آنے کے بعد عوام اور ضلع نظم و نسق دونوں تشویش میں مبتلا ہیں۔ ضلع ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کے آئیسولیشن سنٹر میں رکھ کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ نلگنڈہ سے 44 افراد کی نشاندہی کی گئی جو نئی دہلی روانہ ہوئے تھے۔ ان تمام کو معائنے کیلئے حیدرآباد روانہ کیا گیا ۔ برما کے 17 افراد کا پتہ چلتے ہی حکام نے چوکسی اختیار کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ افراد 17 مارچ کو نلگنڈہ پہنچے تھے۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی کل رات نصف شب کے بعد تمام کو تحویل میں لے لیا۔