بروکس کی سنچری، جمائیکا کی ٹیم سی پی ایل کے فائنل میں داخل

   

پروویڈنس: جمائیکا تلاواز نے شمارہ بروکس (ناٹ آؤٹ 109) کی سنچری کی بدولت جمعرات کو کوالیفائر 2 میں گیانا ایمیزون واریئرز کو 37 رنز سے شکست دے کر کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔جمائیکا کی ٹیم نے 20 اوورز میں 226 رنز بنائے جس کے جواب میں ایمیزون واریئرز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنا سکی۔بروکس نے 52 گیندوں پر سات چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 109 رنز بنائے ۔ آل راؤنڈر عماد وسیم نے 15 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے جب کہ گیند بازی میں چار اوورز میں 25 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ایمیزون واریئرز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ جمائیکا کی ٹیم پاور پلے میں دو وکٹوں کے نقصان پر صرف 37 رنز ہی بنا سکی۔روومین پاول (37) اور ریمن ریفر (22) کی وکٹیں گرنے کے بعد جمائیکا 15 اوورز میں 123/4 پر تھے لیکن بروکس اور وسیم کی دھماکہ خیز اننگز نے ٹیم کو سیزن کے سب سے زیادہ اسکور تک پہنچا دیا۔دونوں نے آخری پانچ اوورز میں 103 رنز جوڑے اور ایمیزون واریئرز کے سامنے 20 اوورز میں 227 رنز کا بڑا ہدف دیا۔