برٹش ایئرویز کا پاکستان کیلئے فضائی آپریشن بحال ہونے کا امکان

   

لندن: برٹش ایئر ویز نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں برٹش ایئر ویز نے پاکستانی حکام سے انتظامات مکمل کرنے سے متعلق یقین دہانی مانگی ہے۔ برٹش ایئرویز نے اسلام آباد ایئرپورٹ مینیجر سے انتظامات کے حوالے سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر صفائی اور دیگر سہولیات شروع کرنے کے بارے میں بتایا جائے۔اس کے علاوہ ایئرویز کے زیر استعمال گیٹ اور لاؤنجز کی صورت حال سے متعلق بھی دریافت کیا گیا ہے۔ برٹش ایئرویز نے کہا ہے کہ پاکستانی حکام تصدیق کریں کہ برٹش ایئر ویز کے جہاز سے منسلک فکس بریجز محفوظ ہیں۔ برٹش ایئر ویز کو پاکستان کی جانب سے یقین دہانی کروائی جانے کے بعد اگست سے پاکستان کا فضائی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ برٹش ایئرویز نے جون 2019 میں پاکستان کے لیے فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا جو کہ کورونا وائرس کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔برٹش ایئر ویز نے 11 برس بعد پاکستان کے لیے اپنی سروس کا دوبارہ آغاز کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کو پاکستان کی حکومت کی بڑی پیشرفت اور کامیابی قرار دیا گیا تھا۔