برٹش ہائی کمیشن کے عہدیدار کا اقامتی اسکول کا دورہ، طلبہ کے ساتھ لنچ، معیار تعلیم کی ستائش

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 20 جون (سیاست نیوز) برٹش ہائی کمیشن نئی دہلی میں ڈپٹی ہیڈ آف پولیٹیکل افیرس مس سوفی روز نے آج اقلیتی اقامتی اسکول بہادر پورہ گرلز۔2 واقع نواب صاحب کنٹہ کا دورہ کرتے ہوئے طلبہ سے ملاقات کی اور تعلیمی معیار کا جائزہ لیا۔ وہ اسکول کی کارکردگی سے کافی متاثر ہوئے اور طلبہ کے ساتھ لنچ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ سفارتی عہدیدار نے اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے عہدیداروں، اساتذہ اور طلبہ کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسکول میں بہتر تعلیمی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے اقلیتی طبقے کے کم آمدنی والے خاندانوں کی لڑکیوں کو بہتر تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ برٹیش ہائی کمیشن کے عہدیدار نے اطمینان کا اظہار کیا کہ مسلم لڑکیوں کو جن کا تعلق غریب خاندانوں سے انہیں بہتر تعلیم کے علاوہ تربیت کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے معیار تعلیم کے علاوہ بہتر ہاسٹل کی سہولتوں کی ستائش کی۔ انہوں نے پرنسپل اور ٹیچرس کے رول کو سراہا جو اقامتی اسکول کی بہتر کارکردگی میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ برطانوی عہدیدار نے غریبوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے بارے میں حکومت کے منصوبے پر مسرت کا اظہار کیا۔