شہر حیدرآباد میں فی کیلو چکن کی قیمت میں 50 روپئے کی کمی ، مٹن کی قیمت میں 100 روپئے اضافہ
حیدرآباد :۔ برڈ فلو کا اثر سنکرانتی تہوار پر دیکھنے کو ملا ہے ۔ حیدرآباد میں چکن کی فروخت بڑی حد تک گھٹ گئی ہے ۔ اس مرتبہ برڈ فلو کے خوف سے عوام نے چکن خریدنے میں دلچسپی نہیں دکھائی ۔ 80 فیصد شہریوں نے چکن نہیں خریدا جس سے چکن فروخت کرنے والے دوکانداروں میں تشویش پائی گئی ہے ۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی حکومتوں کی جانب سے دونوں تلگو ریاستوں میں برڈفلو کے علامتیں ظاہر نہ ہونے کا اعلان کرنے کے باوجود عوام میں جو ڈر ہے وہ دور نہیں ہوا ہے ۔ برڈفلو کے خوف سے چکن کی قیمت فی کیلو 50 روپئے گھٹ گئی ہے ۔ پہلے 200 روپئے فی کیلو چاول فروخت ہورہا تھا جو اب گھٹ کر 150 روپئے فی کیلو فروخت ہورہا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے مونڈا مارکٹ میں ہول سیل چکن فروخت کرنے والے محمد قدوس نے بتایا کہ عام طور پر شہر حیدرآباد میں روزانہ 6 لاکھ ٹن چکن فروخت ہوتا ہے ۔ سنکرانتی کے موقع پر 10 لاکھ ٹن چکن ایک ہی دن میں فروخت ہوتا ہے ۔ اس کے علاوہ دیسی مرغی علحدہ فروخت ہوتی ہے ۔ تاہم آج سنکرانتی تہوار کے موقع پر صرف 2 لاکھ ٹن ہی چکن فروخت ہوا ہے ۔ اگر صورتحال یہی رہی تو مستقبل میں چکن کی فروخت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے ۔ چکن سے خوفزدہ ہونے والے شہری مٹن خریدنے کو زیادہ ترجیح دے رہے ہیں جس سے مٹن کے ڈیمانڈ میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ کئی دوکانداروں نے مٹن کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کردیا ہے ۔ حکومت نے مٹن کی فی کلو 700 روپئے قیمت مقرر کی ہے ۔ مگر آج 760 تا 800 روپئے شہر حیدرآباد میں فی کیلو مٹن فروخت ہوا ہے ۔ عام دنوں میں روزانہ ایک لاکھ تا 2 لاکھ مٹن شہر حیدرآباد میں فروخت ہوتا ہے ۔ تاہم سنکرانتی تہوار کی وجہ سے آج ایک ہی دن 3.5 لاکھ کیلو مٹن فروخت ہوا ہے ۔۔