برکس کا چوٹی اجلاس شروع ، 32 ممالک کے وفود کی شرکت

   

وزیراعظم مودی بھی شریک۔ روسی صدر پوتن سے باہمی ملاقات

دبئی : برکس تنظیم روس کے نیم خود مختارعلاقے تاتارستان میں آج سے شروع ہورہا ہے جس میں رکن ممالک کے علاوہ 32 ممالک کے وفود شریک ہوں گے۔قازن شہر میں منعقدہ اجلاس کا عنوان عالمی سطح پر مساویانہ ترقی اور سکیورٹی مضبوط بنانا قرار دیا گیا ہے، دو ادوار میں ہونے والے اس اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی شریک ہوں گے۔برکس کے اجلاس میں ایران کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے اہم معاہدے پر دستخط ہوں گے جبکہ سعودی عرب کے اسٹیٹس کو بھی واضح کیا جائے گا۔برکس اجلاس کا پہلا دور آج اورکل ہوگا جس میں تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے بشمول صدر روس ولادیمیر پوتن شریک ہوں گے۔برازیل، روس،انڈیا، چین اور ساوتھ افریقا (برکس) پر مشتمل اس تنظیم میں مصر، متحدہ عرب امارات، ایران، ایتھوپیا بھی شامل ہوچکے ہیں۔اجلاس کے دوسرے دور میں 38 ممالک کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے جن میں سے 32 ممالک کی جانب سے وفود بھیجنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ترکی، آذربائیجان، الجزائر، ملائیشیا، شام، بیلا روس، تھائی لینڈ سمیت تین درجن ممالک اس تنظیم کا رکن بننے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں جبکہ کئی باضابطہ درخواست بھی جمع کرواچکے ہیں۔برکس تنظیم کے رکن ممالک کی مشترکہ جی ڈی پی 60 کھرب ڈالر ہے جو کہ دنیا کے جی ڈی پی کا ساڑھے 37 فیصدبنتی ہے۔

برکس اجلاس میں بات چیت بہتر فضاکا موجب :مودی
قازان: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ 16ویں برکس سربراہی اجلاس میں ہونے والی بات چیت سے کرہ ارض کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، قازان، روس میں، جہاں میگا ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا، ‘‘برکس سربراہی اجلاس کیلئے قازان پہنچے ’’۔ یہ ایک اہم سربراہی اجلاس ہے اور یہاں ہونے والی بات چیت ایک بہتر کرہ ارض کی تعمیر میں معاون ثابت ہوگی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک مراسلہ میں کہا کہ جمہوریہ تاتارستان کے سربراہ، رستم منیخانوف نے وزیر اعظم نریندر مودی کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔” ،وزیراعظم جب طیارے سے قازان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے تو جہاز کے دونوں اطراف کے فوجیوں نے ان کا باقاعدہ استقبال کیا۔ اس کے علاوہ روسی حکام اور روایتی ملبوسات میں ملبوس خواتین نے بھی ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر روس میں ہندوستانی سفیر ونے کمار بھی موجود تھے ۔ قازان روس میں تاتارستان کا سب سے بڑا شہر اور دارالحکومت ہے ۔ یہ شہر وولگا اور کازانکا ندیوں کے سنگم پر واقع ہے۔ مودی آج بعد میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کرنے والے ہیں۔ برکس سربراہی اجلاس چہارشنبہ کو ہو رہا ہے ۔قبل ازیں، وزیر اعظم نے کہا کہ وہ برکس سربراہی اجلاس کے دوران مختلف موضوعات پر وسیع پیمانے پر بات چیت کے ساتھ ساتھ وہاں مختلف رہنماؤں سے ملاقات کے منتظر ہیں۔مودی نے کہاکہ قازان میں استقبال کیلئے شکرگزار ہوں۔
ہندوستانی برادری نے اپنی کامیابیوں سے پوری دنیا میں اپنی شناخت بنائی ہے ۔ عالمی سطح پر ہندوستانی ثقافت کی مقبولیت بھی اتنی ہی خوش کن ہے ۔
،قابل ذکر ہے کہ برکس پانچ ابھرتی ہوئی معیشتوں کا ایک بین الاقوامی گروپ ہے جس میں برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ تاہم اس بار چار ممالک ایران، مصر، ایتھوپیا اور متحدہ عرب امارات بھی اس میں شامل ہوئے ہیں۔