اوگاڈوگو۔ 28ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) دولت اسلامیہ (آئی ایس )نے برکینا فاسو میں حالیہ دہشت گرد انہ حملوں کی ذمہ داری لی ہے۔رائٹر نے جمعہ کو آئی ایس کے بیان کے حوالہ سے یہ اطلاع دی۔قابل ذکر ہے کہ برکینا فاسو کے شمالی صوبہ سوم میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ میں جمعرات کو 11 سیکورٹی اہلکار مارے گئے تھے ۔ اس سے پہلے منگل کو برکینا فاسو کے اسی صوبہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ میں 35 شہری اور سات سیکورٹی اہلکار مارے گئے تھے ۔ اس کے بعد سیکورٹی فورسز نے مہم چلا کر تقریباً 80 دہشت گردوں کو مار گرایا تھا۔ ان واقعات کے بعد برکینا فاسو کے صدر روچ مارک کرسچین کابورے نے 48 گھنٹے کا سوگ کا اعلان کیا تھا۔ادھر، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس، روس اور فرانس کی وزارت خارجہ نے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت اور زخمی لوگوں کے جلد صحتمند ہونے کی دعاکی تھی۔