اوگادوگاؤ ۔ 9 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی برکینا فاسو میں کئے گئے دو حملوں میں کم و بیش 29 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے ۔ مذکورہ علاقہ جہادی تشدد کیلئے جانا جاتا ہے ۔ دریں اثناء حکومت کے ترجمان ریمیس فلگانس ڈانڈی جینو نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک گاڑی جس میں کچھ افراد اور دیگر ساز و سامان لدا ہوا تھا، وہ ایک دھماکو آلہ سے ٹکرا گئی جس سے ہونے والے زبردست دھماکہ میں 15 افراد جائے وقوع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ دوسری طرف سیکوریٹی کے ایک ذریعہ نے بتایا کہ مہلوکین میں زیادہ تر تجارت پیشہ لوگ تھے ۔ دوسرا واقعہ 50 کیلو میٹر دور پر اس وقت رونما ہوا جب غذا لے جانے والی ویانس کے قافلہ کو نشانہ بنایا گیا جس میں 14 افراد ہلاک ہوگئے ۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ دوسرے واقعہ میں ہلاک ہونے والوں میں تین پہیوں والی گاڑ یوں کے ڈرائیورس کی اکثریت تھی۔ ڈانڈی جنیو نے مزید بتایا کہ دونوں مقامات پر فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے اور آس پاس کے علاقوں میں سیکوریٹی بڑھاکر جانچ پڑتال کا کام جاری ہے ۔
