برہمن سماج کی ترقی کیلئے سالانہ 100 کروڑ کی منظوری

   

پجاریوں کے اعزازیہ میں اضافہ، چیف منسٹر کے سی آر کا اعلان
حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ گوپن پلی میں برہمن سماج کیلئے تعمیر کردہ وپراہیتا برہمن سدن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ برہمن طبقہ کی ترقی اور فلاح بہبود کیلئے برہمن سنکشیما پریشد قائم کیا گیا جس کے تحت سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے خاندانوں کی مدد کی جائے گی۔ یکم فروری 2007 کو برہمن پریشد کا قیام عمل میں آیا جس کے بعد سے سالانہ 100 کروڑ روپئے الاٹ کئے گئے تاکہ ریاست میں برہمن کمیٹی کی ترقی اور بھلائی کے مختلف پروگراموں پر عمل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جس نے برہمن سدن قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برہمن سماج سے تعلق رکھنے والے افراد سدن کے کلیان منڈپم میں شادیاں اور دیگر تقاریب مفت منعقد کرسکتے ہیں۔ سدن کے تحت آڈیٹوریم اور انفارمیشن سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے ویدک پنڈتوں کے ماہانہ اعزازیہ کی رقم کو 2500 سے بڑھا کر 5000 کرنے کا اعلان کیا۔ اعزازیہ کے حصول کیلئے عمر کی حد کو 75 سے گھٹا کر 65 سال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ریاست میں جملہ 6441 مندروں کو امداد دی جائے گی۔ نئی اسکیم کے تحت مندروں کی نگہداشت کیلئے پجاریوں کو 6 ہزار روپئے ادا کئے جارہے ہیں جنہیں بڑھا کر 10 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ برہمن سماج کے طلبہ کو آئی ٹی ایم اور آئی آئی ایم میں تعلیم کے حصول کیلئے فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کے دائرہ میں شامل کیا جائے گا۔ آل انڈیا برہمن فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر پردیپ جوتی نے چیف منسٹر کے سی آر کی ستائش کی۔ر