روپڑ : بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو آج کسانوں کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا۔ جمعہ کو بالی ووڈ اداکارہ منالی سے ممبئی جارہی تھیں کہ راستہ میں پنجاب کے روپڑ مقام کے قریب اُن کے قافلہ کو برہم کسانوں نے گھیر لیا اور متنازعہ زرعی قوانین اور کسان تحریک کے خلاف دیئے گئے اُن کے بیانات پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر کسانوں نے بالی ووڈ اداکارہ کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہونچ گئی۔ دو گھنٹے کے شور شرابے اور ہنگامے کے بعد پولیس احتجاج کرنے والی ایک خاتون کو کنگنا کی گاڑی کے قریب لے گئی جس سے کنگنا نے معافی مانگی اور پھر قافلے کو آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی۔