بریانی حیدرآبادیوں کی پہلی پسند6 ماہ میں 72 لاکھ آرڈرس

   

حیدرآباد30۔جون(سیاست نیوز) شہریان حیدرآباد نے گذشتہ 6ما ہ میں SWIGGY سے آرڈر کرکے 72لاکھ بریانی استعمال کی ہیں۔ SWIGGY کی جانب سے 2023 کے ابتدائی 6ماہ کی تفصیل پیش کرکے کہا کہ شہریان حیدرآباد نے 6ماہ میں 72لاکھ بریانی آرڈر کی ہیں جو کہ عوام کیلئے بریانی کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ کہا گیا کہ 2022کے آخری 6ماہ اور 2023کے ابتدائی 6ماہ کا اگر مشترکہ حساب لگایا جائے تو عوام نے جملہ 1 کروڑ 50 لاکھ بریانی کا آرڈر کیا ۔ شہر میں SWIGGY کے مطابق 15ہزار ایسی ہوٹل ہیں جن کے مینو میں بریانی شامل ہے اور آرڈرس میں بریانی کو فوقیت حاصل ہے اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ بریانی کی آن لائن فروخت میں اضافہ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ سال گذشتہ کے اعداد وشمار کا مشاہدہ کیا جائے تو سال گذشتہ ابتدائی 6 ماہ میں جو بریانی فروخت ہوئی تھیں اس میں 8.39 فیصد اضافہ ہوا ۔ SWIGGYکے مطابق شہر میں بریانی کے استعمال میں ہمیشہ سے ہی اضافہ ریکارڈ کیا جاتا رہا ہے اور گھر منگوانے والوں کی تعداد میں بھی بتدریج اضافہ ہوا ہے ۔ کمپنی نے کہا ہے کہ مادھاپور‘ کوکٹ پلی ‘ بنجارہ ہلز‘ جوبلی ہلز‘ کتہ پیٹ ‘ امیر پیٹ ‘ لالہ گوڑہ‘ بالا نگر وغیرہ سے زیادہ بریانی آرڈر کی جاتی ہے ۔