بریانی میں جھینگر !!‘ پنجہ گٹہ کی معروف ریسٹورنٹ میں واقعہ

   

گاہک نے سوشیل میڈیا پر پوسٹ کیا ۔ عوام کی متعلقہ حکام سے درکار کارروائی کی اپیل
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : شہر کی ہوٹلس اور ریسٹورنٹس میں غذا غیر محفوظ اور نقصان دہ بنتی جارہی ہے ۔ آئے دن کسی نہ کسی ہوٹل اور ریسٹورنٹس میں غذا کے ناقص اور خطرناک ہونے کے شواہد منظر عام پر آنے لگے ہیں ۔ صحت و صفائی کے علاوہ تغذیہ بخش غذا کی فراہمی غیر یقینی بنتی جارہی ہے ۔ اس طرح کا ایک اور واقعہ پنجہ گٹہ کے ایک معروف ریسٹورنٹ میں پیش آیا جہاں گراہک نے مریڈین ہوٹل کے خلاف شکایت کردی اور ارباب مجاز سے اس ریسٹورنٹ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور بریانی میں پائے گئے جھینگر کی ویڈیو کو سوشیل میڈیا پر پوسٹ کردیا جو وائرل ہوگیا ہے ۔ اکثر شہریوں نے ہوٹل اور ریسٹورنٹس کے علاوہ بلدی اور فوڈ سیفٹی عہدیداروں کی کارروائی پر سوال اٹھایا ہے ۔ شہر میں کسی نہ کسی ہوٹل اور ریسٹورنٹ میں کبھی چپکلی ، کیڑے ، چوہے ، بال اور جھینگر وغیرہ بریانی اور غذائی اشیاء میں برآمد ہورہے ہیں ۔ جس کو گراہکوں کے لیے سربراہ کیا جارہا ہے ۔ حالانکہ فوڈ سیفٹی اور بلدی حکام کی جانب سے کارروائیاں کی گئیں اور یہ کارروائی اور اقدامات محض وقتیہ ثابت ہورہے ہیں ۔ ہوٹل اور ریسٹورنٹ سے رجوع ہونے والی شہریوں کی اکثریت پائی جاتی ہے جب کہ ہفتہ واری چھٹی کے دن ان کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جاتا ہے ۔ ایسی صورت میں اس طرح کے واقعات شہریوں کی صحت اور زندگی کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں ۔ شہریوں نے ارباب مجاز سے درخواست کی ہے کہ وہ موثر اقدامات کرتے ہوئے ایسے واقعات کے تدارک کیلئے ہوٹل اور ریسٹورنٹ کو پابند کریں اور سخت اقدامات کریں ۔۔ ع