بریتھویٹ کے کرشماتی سنچری کے باوجود ویسٹ انڈیز ہارا، نیوزی لینڈ کی پانچویں جیت

   

مانچسٹر۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام )کارلوس بریتھویٹ (101) کی کرشماتی سنچری کے باوجود ویسٹ انڈیز کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں آئی سی سی ورلڈ کپ کے سب سے زیادہ دلچسپ مقابلے میں سنیچر کی رات کو صرف پانچ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس سے اس کی امیدیں تقریبا ختم ہو گئی ہیں۔نیوزی لینڈ نے کپتان کین ولیمسن (148) کی بہترین سنچری سے خراب آغاز سے نکلتے ہوئے 50 اوور میں 8 وکٹ پر 291 رن کا مشکل اسکور بنایا اور ویسٹ انڈیز کو 49 اوور میں 286 رن پر روک کر چھ میچوں میں اپنی پانچویں جیت درج کرنے کے ساتھ سیمی فائنل کے لئے اپنا دعوی مضبوط کر لیا۔نیوزی لینڈ کے اب 11 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر پہنچ گیا ہے ۔بریتھویٹ نے محض 82 گیندوں پر نو چوکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی زبردست اننگز کھیلی لیکن 49 ویں اوور کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہونے سے ویسٹ انڈیز کو دل توڑنے والی ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ویسٹ انڈیز کو چھ میچوں میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس ہار کے ساتھ اس کی امیدیں تقریبا ختم ہو گئی ہیں۔ویسٹ انڈیز کے صرف تین پوائنٹس ہیں اور اس کے تین میچ باقی ہیں۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کرس گیل اور شمرن ھتمائیر نے تیسرے وکٹ کے لئے 122 رن کی ساجھے داری کی لیکن اس شراکت کے ٹوٹتے ہی ویسٹ انڈیز نے 22 رنز کے وقفے میں پانچ وکٹ گنوا دیئے ۔گیل 84 گیندوں میں 8 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنا کر پانچویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے جبکہ ھتمائیر نے 45 گیندوں پر 54رن میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ نے پہلے سات میں سے چار وکٹ نکالے ۔کولن ڈی گرینڈھوم نے گیل کا قیمتی وکٹ لیا۔7 وکٹ گر جانے کے بعد کارلوس بریتھویٹ نے مورچہ سنبھالا اور کیمار روچ کے ساتھ آٹھویں وکٹ کیلئے 47اور شیلڈن کوٹریل کے ساتھ نویں وکٹ کیلئے 34 رن جوڑ کر میچ میں سنسنی بنائے رکھی۔روچ نے 14 اور کوٹریل نے 15 رن بنائے ۔بریتھویٹ وکٹ پر ڈتے ہوئے تھے اور رن بنانے کا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہے تھے ۔ان کی نصف سنچری مکمل ہو چکی تھی۔ولیمسن بریتھویٹ کو آؤٹ کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے تھے لیکن بریتھویٹ نے آخری 18 گیندوں پر 33 رنز کے ہندسہ چھو لیا ۔بریتھویٹ نے 76 رن پر پہنچتے ہی اپنا بہترین ون ڈے اسکور بنا دیا۔بریتھویٹ نے 48 ویں اوور میں میٹ ہنری پر مسلسل دو چھکے مار کر کیویز کے ماتھے پر پسینہ لا دیا۔انہوں نے چوتھی گیند پر چھکا جڑ دیا۔مسلسل تین چھکے لگ چکے تھے ۔اگلی گیند پر چوکا پڑا۔ انہوں نے ایک رن لے کر اسٹرائیک اپنے پاس رکھی۔اس اوور میں 25 رن پڑے اور ویسٹ انڈیز کو اب آٹھ رن چاہئے تھے ۔بریتھویٹ نے 49 ویں اوور کی چوتھی گیند پر دو رن لے کر اپنی پہلی ون ڈے سنچری مکمل کر لی۔لیکن اس اوور کی آخری گیند پر بریتھویٹ آؤٹ ہو گئے اور نیوزی لینڈ نے پانچ رنز سے دل تھام لینے والی دلچسپ فتح حاصل کر لی۔بولٹ نے چار اور لوکی فرگوسن نے 3وکٹ لئے جبکہ بریتھویٹ کا سب سے اہم وکٹ جیمز نیشام نے لیا۔