بریلی میں کرکٹ میچ کے دوران طالبعلم کی ہارٹ اٹیک سے موت

   

بریلی۔ اترپردیش۔ 23؍مارچ ( ایجنسیز ) یو پی کے بریلی میںحافظ گنج تھانہ علاقہ کے گاؤں میں جمعہ کو کرکٹ میچ کے دوران ایک 22 سالہ نوجوان کی اچانک موت ہو گئی۔ ہونہار طالب علم جو عید منانے گھر آیا ہوا تھا اس کی موت سے خاندان کے افراد غم میں ہیں ۔ نوجوان بریلی شہر میں ڈگری بی ایڈ کر رہا تھا۔ رئیس احمد کا بیٹا ثاقب عید کی چھٹیاں گزارنے گھر آیا تھا۔ جمعہ کو وہ گاؤں کے قریب اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہا تھاکہ اچانک سانس لینے میں دشواری محسوس ہوئی اور وہ میدان میں گر گیا۔ اس کے ساتھ کھیلنے والے اس کے دوستوں نے اسے سہارا دینے کی کوشش کی لیکن اس کی حالت تیزی سے بگڑتی گئی۔ ساتھی کھلاڑیوں نے اسے ہاسپٹل پہنچایا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ اچانک دل کا دورہ پڑنے (کارڈیک اریسٹ) کا معاملہ تھا۔ نوجوانوں میں اس طرح کے اچانک دل کے دورے سنگین تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے ہی کرکٹ کا شوقین تھا اور مقامی ٹورنامنٹس میں ایک فاتح و غالب کھلاڑی کے طور پر جاناجاتا تھا۔