بریلی (یوپی): بریلی کے لوٹس انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے چیئرمین ابھیشیک اگروال کو انکے دفتر میں داخل ہوتے وقت گولی مار کر شدید زخمی کر دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ انہیں تشویشناک حالت میں بریلی کے ایس آر ایم ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ کالج کے عملے کے مطابق کالج کے چیئرمین کو ایک طالب علم نے گولی مار دی، جس کی شناخت بریلی کے پریم نگر کی رہنے والے شریستھا سینی کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس پی، دیہی راج کمار اگروال جو کالج پہنچے انہوں نے بتایا کہ ملزم بی فارما تھرڈ ایئر کا طالب علم ہے اور مبینہ طور پر اس کا کالج کے چیئرمین سے جھگڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم طالب علم کی تلاش میں پولیس کی ٹیم تعینات کر دی گئی ہے۔