برینی اسٹارس اسکولس خود روزگار کا بہترین ذریعہ

   

سیاست گولڈن جوبلی ہال میں کل تعلیم کے مجموعی نقطہ نظر پر عالمی کانفرنس
حیدرآباد ۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) تعلیم ہی قوموں کی زندگیوں میں ایک صالح انقلاب برپا کرسکتی ہے۔ تعلیم ہی انسانوں کو جہالت کی تاریکی سے نکال کر کامیابی و کامرانی کی روشنی سے متعارف کرواتی ہے۔ جس قوم میں تعلیم نہ ہو تو پھر اس کی زندگی کا مقصد ہی فوت ہوجاتا ہے بالخصوص ملک کے موجود تناظر میں مسلمانوں کی تعلیمی شعبہ میں ترقی کافی اہمیت اختیار کر گئی ہے کیونکہ تعلیم کے ذریعہ ہی معاشی ترقی تک آپ پہنچ سکتے ہیں۔ اسی مقصد کو لیکر چند ہمدردانہ ملت نے برینی اسٹار پبلک اسکولس کا ایک ماڈل تیار کیا ہے اور سارے ملک میں کم از کم 1000 اسکولس قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان اسکولوں میں مستقبل کے قائدین تیار کئے جائیں گے۔ چنانچہ برینی اسٹارس اسکول کے زیراہتمام 2 ڈسمبر پیر 11 بجے دن گولڈن جوبلی ہال دفتر روزنامہ سیاست میں تعلیم کے مجموعی نقطہ نظر پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مشہور و معروف ماہر تعلیم اور ملیشیاء کی وزارت تعلیم کے مشیر و عدنی اسکولس ملیشیاء، کے بانی و صدرنشین ڈاکٹر ٹی این حسنی محمد مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے جبکہ مسٹر ڈی حیدر ولی صدرنشین برینی اسٹار اسکول مہمان اعزازی ہوں گے۔ ڈی حیدر ولی ایڈوکیٹ کے مطابق حضرت علیؓ کا قول ہیکہ انسانی زندگی کے چار مراحل ہیں۔ پہلا مرحلہ ماں کا پیٹ، دوسرا ولادت سے 7 سال عمر تک، تیسرا مرحلہ 7 سال سے 14 سال اور چوتھا 14 سال کے بعد موت تک اور ان چاروں مراحل میں سب سے زیادہ اہمیت والا مرحلہ ولادت سے 7 سال عمر کا ہے اور آج کے ماہرین تعلیم و ماہرین اطفال حضرت علیؓ کے اس قول کی سائنس اور نفسیات کے حوالہ سے تصدیق کرتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ بچوں کا 90 فیصد ذہن 6 سال کی عمر تک نشوونما پاتا ہے اور اسی عمر میں جن باتوں کو بچوں کے تحت الشعور میں بٹھایا جاتا ہے وہ آگے چل کر شعور کے دائرہ میں آتے ہیں اور انسانی زندگی کی تشکیل کرتے ہیں۔ اس فرد کو کامیاب یا ناکام بتاتے ہیں۔ اسی نکتہ کو ملحوظ رکھتے ہوئے ڈی حیدر ولی نے ایک نظام تعلیم ترتیب دیا ہے جسے ہولسٹک اپروچ آف ایجوکیشن کہا گیا۔ یہ ایسا نظام ہے جو دین و دنیا کی تعلیم کا حسین سنگم ہے۔ اس نظریہ کے تحت ملک میں اس اسکول کی 30 شاخیں کام کررہی ہیں اور سارے ملک میں 1000 برانچس قائم کرنے کا منصوبہ ہے اور اس کیلئے کم سرمائے میں اسکولوں کے قیام کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ یہ اسکول ملت کے فرزندان اور دختران بھی کھول سکتے ہیں اور یہ خودروزگار کا بہترین ذریعہ ہے۔ مزید تفصیلات کانفرنس میں شرکت کرکے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ فون نمبر 9391160364 پر بھی ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔