بریٹانیا نے کشلے فوڈس کو حاصل کرنے کی تیاریاں شروع کردی

   

شمال مشرقی ریاستوں میں کاروبار میں توسیع کا منصوبہ، اسنیکس اور دیگر بیکری ایٹمس پر بریٹانیا کا غلبہ
حیدرآباد ۔6۔ ستمبر (سیاست نیوز) بریٹانیا انڈسٹریز کی جانب سے کشلے فوڈس کمپنی کو حاصل کرنے کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔ گوہاٹی میں موجود کشلے فوڈس کمپنی مغربی اور ہندوستانی طرز کے اسنیکس، بسکٹ، مٹھائی ، چپس ، نوڈلس اور چائے پتی تیار کرتی ہے جسے بریٹانیا انڈسٹریز خریدنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 600 تا 700 کروڑ کی لاگت سے کشلے فوڈس کو حاصل کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کمپنی کی خریدی کیلئے مذاکرات جاری ہیں اور جلد ہی معاہدہ کو قطعیت دی جائے گی۔ کشلے فوڈس کا 2001 میں قیام عمل میں آیا۔ سندیپ بجاج اور کرشنا بجاج نے بسکٹ کی تیاری سے کمپنی کا آغاز کیا جو بعد میں شمال مشرقی ریاستوں میں اسنیکس فوڈس تیار کرنے والی ایک نامور کمپنی میں تبدیل ہوچکی ہے۔ کمپنی کی جانب سے مختلف ناموں سے اسنیکس اور دیگر اشیاء فروخت کی جاتی ہے جن میں نان اسٹاپ ، کشلے اور ماموس شامل ہیں۔ کمپنی کی آمدنی مارچ 2023 کے مالیاتی سال کے اختتام پر 350 کروڑ درج کی گئی ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو بریٹانیا شمال مشرقی ریاستوں کی مارکٹ میں بڑے پیمانہ پر داخل ہوسکتا ہے۔ بریٹانیا کو نوڈلس اور چائے پتی کے علاوہ اسنیکس کے کاروبار کو وسعت دینے کا موقع ملے گا۔ بریٹانیا کمپنی نسلی واڈیا کی قیادت میں بسکٹ ، ڈیری اور بیکری پراڈکٹس تیار کرتی ہے۔ ملک میں اسنیکس مارکٹ میں توسیع کے مرحلہ میں بریٹانیا نے شمال مشرقی ریاستوں کی مارکٹ میں داخل ہونے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ کووڈ 19 کے بعد سے اسنیکس کے شعبہ میں کئی علاقائی برانڈ منظر عام پر آچکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ملٹی نیشنل کمپنیاں ریجنل برانڈس کو حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ اپنے کاروبار کو وسعت دی جاسکے۔ شمال مشرقی ریاستوں میں کشلے فوڈس کے پراڈکٹس کافی مقبول ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کووڈ 19 کے اختتام کے بعد علاقائی پراڈکٹس تیار کرنے والی کمپنیوں کی صورتحال بھی بہتر ہوئی اور ٹرانسپورٹیشن اور ڈسٹری بیوشن کا مسئلہ حل ہوگیا۔ کشلے فوڈس نے 2018 میں 15 ملین ڈالر کا کاروبار کیا۔ کمپنی دو لاکھ سے زائد ریٹیل پوائنٹس کے ذریعہ تقریباً 46 ملین صارفین کو اسنیکس اور دیگر اشیاء سربراہ کرتی ہے۔ کمپنی نے ملک کی دیگر ریاستوں میں کاروبار میں توسیع کا منصوبہ بنایا ہے۔ بریٹانیا کے کاروبار میں ہر سال تقریباً 3.74 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا اور اس کا منافع 3967.38 کروڑ تک پہنچ چکا ہے۔ بریٹانیا نے 2022 میں افریقی ممالک میں کاروبار کو وسعت دینے کیلئے کینیا سے تعلق رکھنے والی کمپنی کینافرک بسکٹس میں زیادہ تر حصہ داری حاصل کرلی ہے۔ 1