بریٹزنے 48 سالہ قدیم سدھو کا ریکارڈ توڑ دیا

   

میکے (آسٹریلیا)، 22 اگست (آئی اے این ایس)۔ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹر میتھیو بریٹزکے نے تاریخ رقم کردی، وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں پہلے ایسے بیٹر بن گئے ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی چاروں میچز میں پچاس سے زائد رنز اسکورکیے ہیں۔ یہ ریکارڈ بریٹزکے نے جمعہ کو آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ونڈے میں بنایا، جب انہوں نے 78 گیندوں پر 88 رنز اسکور کیے۔ اس طرح انہوں نے ہندوستانی سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا 48 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ سدھو نے اپنے کیریئرکا آغاز چار مسلسل نصف سنچریوں سے کیا تھا لیکن وہ پانچ میچوں میں بنائے تھے، جب کہ بریٹزکے نے صرف چار میچز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا۔ بریٹزکے اس سے قبل اپنے ونڈے ڈیبیو پر سب سے زیادہ اسکور (150 رنز) بنانے والے کھلاڑی کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر چکے ہیں۔ ان کی دوسری نصف سنچری پاکستان کے خلاف (83 رنز) اور تیسری نصف سنچری آسٹریلیا کے خلاف پہلے ونڈے میں (57 رنز) آئی۔ جمعہ کے میچ میں وہ نمبر چار پر بیٹنگ کرنے آئے اور 8 چوکے اور 2 چھکے لگائے، لیکن ناتھن ایلس کے خلاف آؤٹ ہوکر سنچری سے محروم رہ گئے۔ ان کی اننگز نے ابتدائی دو وکٹوں کے نقصان کے بعد پروٹیزکی بیٹنگ کو سہارا دیا اور انہوں نے ٹونی ڈی زورزی (38) اور ٹرِسٹن سٹبز (74) کے ساتھ اہم شراکتیں بنائیں۔ پروٹیز کی ٹیم 49.1 اوورز میں277 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئی۔ بریٹزکے نے اس سال آئی پی ایل میں بھی قدم رکھا اور لکھنؤ سوپر جائنٹس کی نمائندگی کی، تاہم انہیں صرف ایک میچ کھیلنے کا موقع ملا جس میں انہوں نے 14 رنز بنائے۔