بریٹ لی نے دبئی میں گھر بنالیا

   

دبئی۔9 فروری(یواین آئی )آسٹریلیا کے مایہ ناز سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے اپنی زندگی کی ایک نئی اننگز کا آغاز کرتے ہوئے دبئی میں مستقل سکونت اختیار کر لی ہے ۔ کھیل کے میدان میں بیٹسمنوںکے چھکے چھڑانے والے بریٹ لی اب صحرائی ریاست کی رونقوں اور وہاں کے پُرسکون طرزِ زندگی کے گرویدہ ہو گئے ہیں۔ بریٹ لی نے اپنے مداحوں کو اس فیصلے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں کام کے سلسلے میں کیے جانے والے چند دورے وقت کے ساتھ ساتھ بڑے مواقع میں تبدیل ہو گئے ، جس نے انہیں دبئی کو اپنا نیا گھر بنانے پر آمادہ کیا۔ ان کے مطابق دبئی میں پیشہ ورانہ مواقع کے ساتھ ساتھ ایک متوازن اور پُرسکون طرزِ زندگی میسر ہے جو انہیں بے حد پسند آیا ہے ۔بریٹ لی نے خاص طور پر اپنے بچوں کے مستقبل اور وہاں کے ماحول پر اطمینان کا اظہار کیا۔