لندن : برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین طے پانے والے بریگزٹ تجارتی معاہدے کی توثیق کے لیے یورپی پارلیمان میں ووٹنگ منگل کے روز ہو رہی ہے۔ اس منظوری کے بعد یورپی برطانوی تعلقات کا ایک باب مکمل ہو جائے گا تاہم اس کے بعد بھی لندن اور برسلز کے باہمی روابط میں کچھ مشکلات باقی رہیں گی۔ امید ہے کہ یورپی پارلیمان اس معاہدے کی سات سو پانچ صفحات پر مشتمل دستاویز کی بہت بڑی اکثریت سے منظوری دے دے گی۔ یہ معاہدہ نو ماہ تک بہت مشکل مذاکرات کے بعد گزشتہ برس کرسمس سے ایک روز پہلے طئے پایا تھا۔
