لندن ،6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنی بریگزٹ پالیسی پر قائم رہنے کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین سے بریگزٹ کی معیاد کو 31 اکتوبر سے آگے بڑھانے کی بجائے وہ مرنا پسند کریں گے ۔ مسٹر جانسن نے کہا کہ وہ بغیر کسی معاہدے کی اپنی بریگزٹ پالیسی پر قائم ہیں اور اس کے لئے پوری طرح تیار ہیں، لیکن لیبر پارٹی نے کہا ہے کہ بغیر کسی معاہدے والی بر یگزٹ پالیسی کو روکنا ہی ان کی ترجیح ہے ۔وزیر اعظم کے چھوٹے بھائی جو جانسن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ بطور ایک وزیر اور رکن پارلیمنٹ استعفی دے رہے ہیں ۔برطانیہ کے اراکین پارلیمنٹ نے چہارشنبہ کو وزیر اعظم بورس جانسن کی اس تجویز کو مسترد کر دیا جس میں 15 اکتوبر کو ملک میں عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔
