لندن ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ میں انتخابات کے انعقاد کی تائید نہیں کرتے جو دراصل ان کی پارٹی کے باغی ایم پیز کو اپوزیشن کی تائید کرنے سے باز رکھنے کی کوشش ہے جو بریگزیٹ کو ایک بار پھر غیر ضروری تاخیر کا شکار کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ ڈاؤننگ اسٹریٹ کی سیڑھیوں پر ٹھہر کر انہوں نے کہا کہ اب ’’کسی بھی حالت‘‘ میں وہ بریگزیٹ میں تاخیر برداشت نہیں کریں گے جو 31 اکتوبر کو ہوگی۔ انہوں نے ایک بارپھر انتباہی لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ یہ بات ہر کوئی جان لے کہ بریگزیٹ میں مزید تاخیر ہمارے لئے ناقابل قبول ہے۔
