بستی دواخانوں میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی تعیناتی

   

تلنگانہ کے غریب افراد کیلئے طبی سہولتوں کی فراہمی ،حکومت کا عزم
حیدرآباد 22 جنوری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں شہری علاقوں کے غریب افراد کے لئے ممتاز ماہرین امراض کے ذریعہ طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے حکومت تلنگانہ مؤثر اقدامات کرے گی۔ اس طرح ’’بستی دواخانوں‘‘ کی خدمات میں مزید توسیع دیتے ہوئے شام کے اوقات میں ان بستی دواخانوں میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کو خصوصی طور پر تعینات کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ریاستی محکمہ صحت و طبابت (میڈیکل اینڈ ہیلت) نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے اور یکم فروری سے ہی شہر حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل اضلاع اس پروگرام کو شروع کرنے کے لئے مکمل انتظامات کئے جارہے ہیں۔ بالخصوص شہر حیدرآباد میں تجرباتی اساس پر گگن محل، اعظم پورہ، پانی پورہ، امیرپیٹ و دیگر مقامات پر اسپیشلسٹ ڈاکٹرس کی خدمات کے ایک حصہ کے طور پر چلڈرنس اسپیشلسٹس ڈاکٹروں کے ساتھ مذاکرات شروع کردیئے گئے ہیں۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ بستیوں کے عوام کی جانب سے نئی فراہم کی جانے والی خدمات سے متعلق حاصل ہونے والے ردعمل اور درپیش ہونے والے مسائل کا جائزہ لینے کے بعد مرحلہ وار اساس پر اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی خدمات کے طریقہ کار کو ریاست بھر میں تمام بستی دواخانوں تک ان خدمات کو توسیع دی جائے گی۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ شہری علاقوں کے غریب عوام کو بہتر طبی سہولتیں و خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے ہی ریاستی حکومت شہری پرائمری ہیلت سنٹرس (یو پی ایچ سی) میں یہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔

گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 145 کے علاوہ ریاست کے دیگر مقامات پر 100 اربن پرائمری ہیلت سنٹرس (یو پی ایچ سی) پائے جاتے ہیں جبکہ حکومت شہری غریب افراد کو مزید بہتر طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہی ’’بستی دواخانوں‘‘ کا قیام عمل میں لانے کے اقدامات کررہی ہے اور ہر 5 ہزار آبادی والے علاقہ میں ایک بستی دواخانہ کا قیام عمل میں لاتے ہوئے بہتر طبی خدمات کی فراہمی ہی حکومت کا اہم مقصد ہے۔ علاوہ ازیں ان بستی دواخانوں میں صبح 8 بجے تا 12 بجے دن اور شام 4 بجے تا 8 بجے شب تک طبی خدمات کی سہولتیں فراہم ہوں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ان بستی دواخانوں میں ایک ڈاکٹر، ایک نرس اور ایک اسسٹنٹ (کمپاؤنڈر) اپنے فرائض انجام دیں گے۔ بالخصوص شام 4 بجے تا 8 بجے شب تک اسپیشلسٹس ڈاکٹرس کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے تک اقدامات کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتدائی مرحلہ میں شہر حیدرآباد میں 16 رنگاریڈی اور میڑچل اضلاع میں چار، چار کی اساس پر بستی دواخانوں میں اسپیشلسٹس ڈاکٹروں کی خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔