استفادہ کنندگان کی تعداد میں اضافہ ۔ حکومت کا منصوبے کو وسعت دینے پر بھی غور
حیدرآباد۔ حکومت کی جانب سے جاریہ ماہ کے اوائل سے بستی دواخانو ںمیں ملٹی اسپیشالیٹی خدمات کے آغاز کا تجربہ بڑی حد تک کامیاب ثابت ہونے لگا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے مزید اقداما ت کرنے کے علاوہ اس منصوبہ کو مزید وسعت دی جائے گی۔ بستی دواخانہ اور اربن پرائمری ہیلت سنٹرس میں حکومت کی جانب سے مختلف اسپیشالیٹی ڈاکٹرس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ رابطہ اور مریضوں کیلئے مفت معائنوں کی سہولت کے اقدامات سے استفادہ حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے نمس ‘ ایم این جے کے علاوہ دیگر سرکردہ دواخانوں میں برسر خدمت ماہرین امراض سے بھی رابطہ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ یکم مارچ سے حکومت کی ہدایت پر محکمہ صحت نے 86 اربن پرائمری ہیلت سنٹرس کے علاوہ 10بستی دواخانوں میں ٹیلی کانفرنس سے مریضوں کو ماہرین امراض سے راست رابطہ اور ان کی جانب سے تجویز کردہ معائنوں کی مفت سہولتوں کے علاوہ ادویات کی تجویز کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ بستی دواخانہ یا اربن پرائمری ہیلت سنٹر میں طبی عملہ اور ڈاکٹرس کی نگرانی میں مریض کی ماہرین سے بات چیت اور ادویات کی تجویز کیلئے 12تا3بجے دوپہروقت دیا جا رہاہے اور اس دوران ہر مریض 15منٹ اپنے ماہر ڈاکٹرس سے رابط کرکے اپنے مرض کے متعلق تفصیلات سے واقف کرواسکتے ہیں۔ ذمہ داروں نے بتایا کہ ٹیلی میڈیسن کی خدمات کے بعد سے استفادہ کنندگان کی تعدا دمیں اضافہ ہو رہاہے ۔ کہا جا رہاہے کہ مریض ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی موجودگی کے سبب بہ آسانی فون یا کانفرنس پر مجوزہ ادویات حاصل کر رہے ہیں۔ اربن پرائمری ہیلت سنٹر اور بستی دواخانوں کے ذمہ دار عہدیدارو ںنے بتایا کہ جلد ہی شہر حیدرآباد کے تمام دواخانو ںمیں اس سہولت کے آغاز کو یقینی بنایا جائے گا اور اس کے علاوہ ان دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کے مرض اورانہیں فراہم کئے گئے علاج و معالجہ کے ڈیجیٹل ریکارڈ کی تیاری عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی وقت ضرورت پڑنے پر ان مریضوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔