حیدرآباد،2 ستمبر(یواین آئی)موسم کی تبدیلی کے نتیجہ میں پیدا وبائی امراض سے نمٹنے میں بستی دواخانوں میں خصوصی علاج کیاجارہا ہے ۔رنگاریڈی ضلع کے ملیریا آفیسر رام بابو نے یہ بات بتائی۔ رنگاریڈی ضلع کے حدود میں 20بستی دواخانے کام کررہے ہیں۔ہر بستی دواخانہ میں وبائی امراض کے علاج،ڈینگو،ٹائی فڈ،وائرل بخار کے تشخیصی معائنے کئے جارہے ہیں۔رنگاریڈی ضلع حدود میں اگست سے 92ڈینگو کے معاملات درج کئے گئے ہیں۔گزشتہ سال ان ہی دنوں کے دوران ڈینگو کے 132معاملات درج کئے گئے تھے ۔گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال ڈینگو کے معاملات میں کمی ہوئی ہے تاہم پرائیویٹ اسپتالوں میں صرف ڈے ۔ون معائنہ کیاجارہا ہے جو ڈینگو کی تشخیص کے لئے مناسب معائنہ نہیں ہے ۔ڈینگو کے تشخیصی معائنہ کی سہولت صرف سرکاری اسپتالوں میں ہی دستیاب ہے ۔وبائی بخار اور دیگر سے متاثرہ افراد کوبخار میں کمی کے لئے ہر چھ گھنٹے بعد پیاراسیٹامول یا پھر ڈولو 650ایک گولی دی جائے ۔
