بستی دواخانوں کو اضلاع میں توسیع دینے حکومت کا منصوبہ

   

10 ہزار آبادی والے علاقوں کو ترجیح ، اسمبلی میں وزیر صحت ایٹالہ راجندر کا اعلان
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے ریاست کے ہر شہری علاقہ میں جہاں کی آبادی 10 ہزار پر مشتمل ہے وہاں بستی دواخانے قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں 225 بستی دواخانے قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دوسرے بڑے شہروں میں بستی دواخانوں کو توسیع دینے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں شہری علاقوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں بستی دواخانے موجود ہیں جو بہتر خدمات انجام دے رہے ہیں اور مقامی عوام ان بستی دواخانوں سے مکمل استفادہ کررہے ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ دہلی کے محلہ کلینک سے متاثر ہو کر بستی دواخانے قائم کئے گئے ہیں ۔ جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 350 بستی دواخانے قائم کرنے کی منظوری دی ہے ۔ جن علاقوں میں 10 ہزار کی آبادی ہے وہاں بستی دواخانہ قائم کیا جارہا ہے ۔ ان بستی دواخانہ میں ایک ڈاکٹر ، ایک اسٹاف نرس ، کے ساتھ ایک اٹنڈر کی خدمات فراہم کی جارہی ہے اور یہ دواخانے صبح 9 تا 4 بجے شام تک کام کررہے ہیں ۔ بستی دواخانوں میں ضروریات کے مطابق ادویات کی فراہمی کے لیے ماہانہ 20 ہزار روپئے جاری کئے جارہے ہیں ۔ تمام بستی دواخانوں کو تلنگانہ ڈیگناسٹک سنٹر سے مربوط کردیا گیا ہے ۔ بستی دواخانے کو پہونچنے والوں معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ یہ دواخانے حیدرآباد میں کامیاب ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ریاست کے دوسرے اضلاع میں بستی دواخانوں کے جال کو توسیع دینے پر حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔۔