بستی دواخانہ ابتر حالت میں ، قریب میں کچہرے کے انبار

   

Ferty9 Clinic

تعفن سے سارا دواخانہ بدبودار ، ٹائیلٹ مقفل ، مریض پریشان حال
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت کی جانب سے پریم نگر علاقہ میں بستی دواخانہ تعمیر کرنے کے بعد اس علاقہ میں رہنے والے کوئی 15 ہزار لوگوں کے لیے ایک بڑی راحت ہوئی تھی کیوں کہ انہیں علاج و معالجہ کے لیے میلوں سفر کرنا نہیں پڑرہا تھا لیکن اس علاقہ میں نیا تعمیر کردہ ایریا ہاسپٹل خراب حالت میں آگیا اور اس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے کیوں کہ اس دواخانہ کے قریب کچہرے کے انبار اور گندگی پھیل گئی ہے ۔ اسٹاف کی کمی اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ اس کی امتیازی خصوصیت ختم ہورہی ہے ۔ آوٹ پیشنٹس کے علاج و معالجہ کے لیے تعمیر کیا گیا یہ دواخانہ اب ایک بدحالی کی عکاسی کررہا ہے کیوں کہ کئی ماہ سے اس دواخانہ کو علاج کی غرض سے آنے والے مریضوں کو کئی ایک مشکلات اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اس دواخانہ کے آوٹ پیشنٹ خدمات سے استفادہ کرنے کے لیے جانے والے پریم نگر کے ساکن سید افتخار احمد نے اس دواخانہ کی حالت پر شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ’ پہلے حفیظ پیٹ علاقہ میں کوئی سرکاری دواخانہ نہیں تھا ۔ حال میں حکومت نے یہاں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) پلے گراونڈ پر ایک بستی دواخانہ کی تعمیر کے بعد علاج اور طبی خدمات فراہم کرنے کے بجائے یہ دواخانہ زیادہ تر اوقات میں بند رہتا ہے ۔ جب اس سلسلہ میں ذمہ دار عہدیداروں سے سوال کیا جاتا ہے تو ان کا جواب ہوتا ہے کہ مریضوں پر توجہ دینے اور ان کے علاج و معالجہ کے لیے اسٹاف اور میڈیکل ایکیوپمـنٹ کی کمی کی وجہ یہ دواخانہ زیادہ تر بند رہتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کی حالت کو اور ابتر بناتے ہوئے بعض مقامی لوگوں کی جانب سے ہاسپٹل کے قریب کچہرا ڈالا جارہا ہے اور دواخانہ کا صفائی عملہ اس پر توجہ نہیں دے رہا ہے ۔ نیز اس کے نئے تعمیر کئے گئے ٹائیلٹس ہمیشہ مقفل رہتے ہیں ۔ او پی سروسیس کے لیے اس دواخانہ پہنچنے والے اس علاقہ کے ایک اور ساکن کمار سانو نے اس دواخانہ کی حالت کو ابتر پایا ۔ انہوں نے کہا کہ ’ اس دواخانہ کے باب الداخلہ کے قریب کچہرے کے انبار اور اس سے آنے والی بدبو کی وجہ اس دواخانہ کو علاج کے لیے آنے والے مریض انفیکشنس کا شکار ہوجاتے ہیں ۔ پریم نگر میں بستی دواخانہ کے اندر اور اس کے اطراف پھیلا ہوا کچہرا ہزاروں لوگوں کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے اور یہ مقام مچھروں کی افزائش کی جگہ بن گیا ہے ۔ اس علاقہ کے ایک ساکن محمد عثمان نے کہا کہ اس دواخانہ کی صفائی پابندی سے کی جانی چاہئے تاکہ مریضوں کی حفظان صحت یقینی ہو ۔۔