حیدرآباد 24 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) کی جانب سے اس کی بسوں میں اے آئی (مصنوعی ذہانت) کے ہیڈ لائٹس لگاتے ہوئے انھیں اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ ایک پائلیٹ پراجکٹ کے حصہ کے طور پر اس سسٹم کو منتخب طویل فاصلہ کی بسوں میں لگاتے ہوئے اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اس کے لئے ضروری ٹیکنالوجی کے حصول کے لئے کارپوریشن کی جانب سے فی الوقت کیرالا کی ایک خانگی کمپنی کے ساتھ بات کی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں ڈرائیورس کے فیڈ بیاک کا جائزہ لینے کے بعد اس کے عمل درآمد پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ کارپوریشن کے مطابق آرٹیفیشل انٹلی جنس (اے آئی) پر مبنی سسٹم ڈرائیور کی مداخلت کے بغیر خود بخود روشنی میں اضافہ یا کمی کرتا ہے۔ کارپوریشن کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ نئی گاڑیوں میں زیادہ شدت کے ہیڈ لائٹس ہیں جس سے آنے والی ٹریفک کو خطرہ لاحق ہوتا ہے، زیادہ روشنی کی وجہ ڈرائیورس سڑک پر آنے والی گاڑیوں کو اچھی طرح نہیں دیکھ سکتے ہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں سنٹرل میڈینس نہ ہوں حادثات کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ عہدیداروں نے کہاکہ اس سسٹم کی چند دنوں تک نگرانی کی جائے گی اور اگر ڈرائیورس مثبت فیڈ بیاک فراہم کریں تو اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔A